کل جماعتی حریت کانفرنس نے وزیراعظم کے خطاب کو کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق قرار دیدیا

وزیراعظم کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حقیقی نمائندگی اور قابض بھارتی سامراج کو عالمی فورم پر بے نقاب کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں،حریت کانفرنس نے وزیراعظم کی اقوام متحدہ روانگی سے قبل مظفرآباد میں ملاقات میں جو تجاویز دیں تھیِِ وزیراعظم نے ان تمام تجاویز کو اپنے خطاب کا حصہ بنایا،وزیراعظم کے خطاب کو کشمیر پالیسی کا محور بنایا جائے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر پر بحث کرائی جائے، وزیراعظم واپسی پر کل جماعتی کانفرنس بلا کر تمام سیاسی جماعتوں کوایک نکتے پر اکھٹا کریں،کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر کے گیلانی گروپ کے کنوینر غلام محمد صفی اور میرواعظ گروپ کے کنوینر میر عامر مسعود کا وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل کا اظہار

جمعرات 22 ستمبر 2016 17:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22ستمبر ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم محمد نوازشریف کے خطاب کو کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے عین مطابق قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حقیقی نمائندگی اور قابض بھارتی سامراج کو عالمی فورم پر بے نقاب کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

حریت کانفرنس نے وزیراعظم کی اقوام متحدہ روانگی سے قبل مظفرآباد میں ملاقات میں جو تجاویز دیں تھیِِ،وزیراعظم نے ان تمام تجاویز کو اپنے خطاب کا حصہ بنایا،وزیراعظم کے خطاب کو کشمیر پالیسی کا محور بنایا جائے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیر پر بحث کرائی جائے اور وزیراعظم واپسی پر کل جماعتی کانفرنس بلا کر تمام سیاسی جماعتوں کوایک نکتے پر اکھٹا کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہا ر کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر کے دونوں دھڑوں گیلانی گروپ کے کنوینر غلام محمد صفی اور میرواعظ گروپ کے کنوینر میر عامر مسعود نے وزیراعظم کے خطاب پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا،آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ مظفرآباد میں وزیراعظم سے سواگھنٹے کی ملاقات میں حریت قیادت نے جتنی تجاویز دیں وزیراعظم نے ان سب کو اپنے خطاب میں شامل کیا،وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے تمام پہلوؤں کو اجاگر کیا،حق خودارادیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں،بھارت کے ناجائز قبضے کشمیریوں کی تحریک کے مقامی ہونے اور نوجوانوں بچوں،بزرگوں اور خواتین کی قربانیوں کا جس طرح سے ذکر کیا وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تھا،وزیراعظم نے وہ کیاجس کی کشمیری روز اول سے کسی پاکستانی حکمران سے توقع کر رہے تھے،وزیراعظم اس قدر جامع اور متوازن خطاب کرنے پر حریت کانفرنس اور کشمیری عوام کی مبارکباد کے مستحق ہیں،حریت کانفرنس میرواعظ گروپ کے کنوینرمیر عامر مسعود نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے دوران دی گئی بیشتر تجاویز کو خطاب کا حصہ بنایا،مقبوضہ کشمیر میں یو این فیکٹ فائنڈنگ مشن بھجوائے،ڈی فلٹرائزیشن کی تجاویز حریت نے دی تھی،۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وزیراعظم کے خطاب کو اپنی کشمیر پالیسی کا محور بنائے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس بلا کر مسئلہ کشمیر پر بحث کرائی جائے اور وزیراعظم واپسی پر کشمیر پر کل جماعتی کانفرنس بلا کر تمام قوم کو ایک نکتے پر اکھٹا کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات بھی خوش آئند ہے اس سے غلط فہمیاں دور کرنے اور سی پیک کے فوائد سے مل کر استفادہ کرنے میں مدد ملے گی۔(خ م+ع ع)