بھارتی قیادت کو بلوچستان کے اندورنی معاملات کے حوالے سے بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے، سربراہ بلوچ رابطہ اتفاق تحریک پرنس محی الدین بلوچ

جمعرات 22 ستمبر 2016 15:13

اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 ستمبر۔2016ء) بلوچ رابطہ اتفاق تحریک (برات) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر پرنس محی الدین بلوچ نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کو بلوچستان کے اندورنی معاملات کے حوالے سے بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران بلوچ عوام اور قیادت نے ایک اہم کردار ادا کیا اور وطن کی یکجہتی اور سالمیت کے لئے بے مثال قربانیاں دیں ۔

بلوچستان کے بارے میں بعض بھارتی سیاستدانوں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے معاملات میں ہندوستان کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت براہ راست ملوث ہے ‘اصل بات یہ ہے کہ بھارت بلوچستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر کے پوری دنیا کی نظریں مقبوضہ کشمیر میں اپنی جارحیت سے ہٹانا چاہ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کے بلوچوں کی طرف سے قربانیوں کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے دوران قائد اعظم محمد علی جناح اور محترمہ فاطمہ جناح کے دورہ قلات کے دوران خان آف قلات نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیئے اور رضاکارانہ طور پرملک وک مضبوط کر نے کیلئے ریاست قلات کو ضم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام محب وطن ہیں جہنوں نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے کے لئے تمام کوششوں کی حمایت کی ہے ۔

پرنس محی الدین بلوچ نے کہا کہ ہم بلوچستان کی بہتری کے لئے کام کرتے رہیں گے اور اس پلیٹ فارم پر تمام بلوچ قوموں کو متحد کرنے کے لئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے بلوچستان کی نوجوان نسل کو تکنیکی تربیت دی جائے۔

متعلقہ عنوان :