دریائی کٹاؤ سے علاقہ مکینوں کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، میاں یاور زمان

جمعرات 22 ستمبر 2016 15:04

لاہور۔22ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 ستمبر۔2016ء) صوبائی وزیر آب پاشی میاں یاور زمان نے گزشتہ روز لیہ کا دورہ کیا اور دریائی کٹاو سے بچاؤ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا،صوبائی وزیر نے موضع سمرا نشیب میں دریائی کٹاؤ کے معائنہ کے بعد اہل علاقہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائی کٹاؤ سے علاقہ مکینوں کے جان ومال کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس کیلئے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے لیہ کے نشیبی علاقوں کو دریائی کٹاؤسے محفوظ رکھنے کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اورمیں وزیر اعلی پنجاب کے نمائندے کی حیثیت سے آپ کے سامنے موجود ہوں کیونکہ حکومتی فنڈزہمیشہ عوامی فلاح و بہبود ترقی وخوشحالی کیلئے خرچ کیے جاتے ہیں او رحکومت کو نشیبی علاقوں کی عوام سے یہ فنڈز پیارے نہیں ہیں اس لیے دریائی کٹاؤ سے بچا ؤ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاکر لانگ ٹرم و شارٹ ٹرم منصوبے مکمل کرتے ہوئے بھر پور ریلیف فراہم کیاجائے گااورابتدائی طور پرڈیڑھ کروڑروپے کی لاگت سے دریائی کٹاؤ کو روکنے کے لیے سٹڈکی تعمیر کا منصوبہ اسی سلسلہ کی عملی کڑی ہے،اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید ثقلین شاہ بخاری ،ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری اشفاق احمد ،سیکرٹر ی آب پاشی ،کیپٹن (ر)انجم ضیاء ،ڈی سی او سید واجد علی شاہ،ایکسین انہارآغا احسان اور متعلقہ افسران موجود تھے،صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے کہا کہ دریائی کٹاؤ کو روکنے کے لئے عارضی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے پتھر ڈالنے کا کام شروع ہوچکا ہے جبکہ اس مسئلہ کے مستقل حل کے لیے ماہر ین کی ٹیم ماڈل سٹڈی کر رہی ہے، جس کی رپورٹ کی روشنی میں متاثرہ مواضعات کی 13یونین کونسلوں میں 45کلومیٹر طویل سپر بند تعمیر کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ اس کام کے لیے وسائل کو کسی قسم کی رکاوٹ نہ بننے دیا جائے گا کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب دریائی کٹاؤ کی اطلاع کو لیکر نہایت فکر مند ہے اور انہوں نے ہدایت کی ہے کہ عوام کی جان و مال اور زرعی اراضی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں اور عارضی اور مستقل بندوبست کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت کیے بغیر فوری سروے کے ذریعے عملی اقدامات عمل میں لا ئے جائیں،اس موقع پر ایم این اے سید ثقلین شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب متاثرین کٹاؤکے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری پہلی درخواست پر ہی صوبائی وزیر آپ کے درمیان موجود ہیں، ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد نے کہا کہ مختلف موضعات میں دریائی کٹاؤسے متاثرہ عوام کے ریلیف کے لیے ضلعی حکومت نے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ریلیف کیمپس کا قیام،سروے کے عمل کا آغاز ،فوڈ آئٹمز کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیاتھا اور چوبیس گھنٹے نگرانی کا عمل جاری ہے جومستقل بحالی تک جاری رہے گا، میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت دریائی کٹاؤکے تدارک کے لیے جلد ہی مستقل طور پر ماڈل سٹڈی رپورٹ کی روشنی میں کام کا آغاز کر دے گی ،اس موقع پر وہاں پر موجود متاثرین نے بھی مختلف مسائل کے بارے میں توجہ مبذول کرائی،قبل ازیں ڈی سی او سید واجد علی شاہ نے صوبائی وزیر کو سرکٹ ہا ؤس میں دریائی کٹاؤکے عمل کی روک تھام ،ریلیف و بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔