Live Updates

لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے رائیونڈ مارچ کو روکنے کیلئے درخواست کی سماعت کے لئے فل بینچ تشکیل دیدیا

جمعرات 22 ستمبر 2016 14:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کو روکنے کے لئے درخواست کی سماعت کے لئے فل بینچ تشکیل دے دیا ہے جو آئندہ ہفتے درخواست کی سماعت کرے گا۔تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کو روکنے کے لئے درخواست مقامی شہری عاطف ستار نے سینئر قانون دان اے کے ڈوگر کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پاکستانی شہریوں کو نفرت کا سبق دے رہے ہیں، عمران خان نے اپنی تقریر میں رائیونڈ جا کر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے جو قوم کو تقسیم کرنے اور ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے کا سبب ہوگا۔درخواست گزار نے خدشہ ظاہر کیا کہ رائے ونڈ مارچ سے خانہ جنگی ہو سکتی ہے ، عدالت رائے ونڈ مارچ روکنے کا حکم جاری کرے ۔

(جاری ہے)

معاملہ کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے جسٹس شاہد کریم نے فل بینچ بنانے کی سفارش کی تھی ۔جس پر چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ تشکیل دیدیا ہے جو آئندہ ہفتے کیس کی سماعت کرے گا، فل بینچ میں جسٹس محمد انوارالحق اور جسٹس محمد قاسم خان شامل ہیں۔ یاد رہے پاکستان تحریک انصاف نے 30ستمبر کو رائیونڈ مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کیلئے اڈا پلاٹ کا مقام تجویز کیا گیا ہے جو وزیر اعظم کی جاتی امرا ء رہائش سے 5کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات