وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ سے کشمیر مثبت انداز میں اجاگر ہوا ہے ‘ مسئلہ جلد حل ہو کر رہے گا ‘ طاہر اقبال

جمعرات 22 ستمبر 2016 14:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے کشمیر کے رکن میجر(ر) طاہر اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ سے کشمیر مثبت انداز میں اجاگر ہوا ہے ‘ مسئلہ جلد حل ہو کر رہے گا ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ 70 برس بیت چکے ہیں اور مسئلہ کشمیر جوں کا توں ہے اور بھارت مقبوضہ وادی میں مسلسل انسانی حقوق کی پامالیاں کر رہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی مظالم سے تنگ آکر کشمیری نوجوان ایک مرتبہ پھر پورے جوش وجذبہ سے میدان میں آچکے ہیں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ اب وہ بھارتی جارحیت کا بدلہ اور حق خود ارادیت کے تحت آزادی حاصل کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔میجر(ر) طاہر اقبال نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین ماہ سے کرفیو لگا رکھا ہے اور لوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر مکمل پابندی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ رواں جاری تحریک کے دوران بھارتی افواج سو سے زیادہ نوجوانوں کو شہید اور ہزروں کو زخمی کر چکی ہیں ظلم کی انتہا یہ کہ زخمیوں کو ہسپتال لے جانے والی ایمبولینسوں پر حملے، ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہراساں کر رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی جانب سے ہیومین رائٹ کمشن کو خطوط ، جنرل اسمبلی میں خطاب اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں سے مسئلہ کشمیر مثبت انداز میں اجاگر ہوا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے اور مسئلہ کشمیر جلد از جلد حل ہو کر رہے گا۔

متعلقہ عنوان :