چین وینزویلا کیساتھ تعاون مضبوط بنانے کاخواہش مند ہے

دونوں ملک مشکلات پر قابو پاکر قومی ترقی کے مقاصد حاصل کر لینگے ، چینی وزیر خارجہ

جمعرات 22 ستمبر 2016 13:53

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 ستمبر۔2016ء ) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین عالمی مسائل پر وینزویلا کے ساتھ رابطے اور تعاون مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے ، چین کو توقع ہے کہ دونوں ملک متحدہو کر مشکلات پر مشترکہ طورپر قابو پا کر قومی ترقی کے مقاصد حاصل کر لیں گے ، چین وینزویلا کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور وہ لاطینی امریکہ کے اس ملک کے ساتھ دوطرفہ تعاون اور ہر شعبے میں تبادلے کو مزید بہتر بنانے کا خواہش مند ہے ۔

(جاری ہے)

چینی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر وینزویلا کے وزیر خارجہ ڈیلسی راڈ ریگوز کے ساتھ ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر وینزویلا کے وزیر خارجہ نے مشکل وقت میں چین کی طرف سے ملنے والی امداد کی تعریف کی اورکہا کہ چین نے وینزویلا کی ترقی کیلئے تعاون کی بہترین مثال قائم کی ،وینزویلا چین کے ساتھ تعلقات کو مزید وسیع کرنا چاہتا ہے اور وہ بین الاقوامی معاملات پر چین کے ساتھ قریبی رابطے کا خواہش مند ہے۔