کوئی بھی ائیر سرجیکل اسٹرائیک اعلان جنگ سمجھا جائے گا،سابق سیکرٹری دفاع

جمعرات 22 ستمبر 2016 13:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 ستمبر۔2016ء)سابق سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد نعیم لودھی نے کہا ہے کہ بھارت پر واضح کیا جا چکا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی ائیر سرجیکل اسٹرائیک اعلان جنگ سمجھا جائے گا، اْڑی واقعہ کی آڑ میں بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اس کے ساتھ وہ ہو گا جو اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں اْڑی واقعہ کے بعد بھارت کی طرف سے محدود پیمانے پر جنگ کی دھمکیاں سامنے آئی ہیں، مگر پاکستان بھی ڈرنے والا نہیں، پاک فوج کسی بھی قسم کی بھارتی مہم جوئی سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سابق سیکریٹری دفاع نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جو ہو گا، وہ سوچ بھی نہیں سکتا۔ بھارت کو واضح کیا جا چکا ہے کہ کوئی بھی ائیر سرجیکل اسٹرائیک پاکستان کے علاقے میں ایکٹآف وار ہی لیا جائے گا۔ اس کو ہم جنگ سمجھیں گے،آپ اعلان کریں یا نہ کریں۔ ایٹمی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کے بارے میں خالد نعیم لودھی نے کہا کہ یہ معاملہ حکمت عملی کے تحت مشکوک رکھا گیا ہے۔ وہ ہم سے نان فرسٹ یوز کامعاہدہ کرنا چاہتے ہیں اور ہم ان سے پہلے جارحیت نہ کرنے کا معاہدہ، کب استعمال کریں گے جان بوجھ کر خفیہ رکھا ہے۔