اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس؛ بھارتی وزیر اعظم اور افغان صدر کی عدم موجودگی

افغان مہاجرین اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا مضبوط موقف بھارتی وزیراعظم اور افغان صدر کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں عدم شرکت کا سبب بن گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 ستمبر 2016 12:58

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس؛ بھارتی وزیر اعظم اور افغان صدر کی عدم ..

نیویارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 ستمبر 2016ء) :اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور افغان صدر اشرف غنی شرکت نہیں کر رہے۔ افغانستان کی جانب سے افغان نائب صدر سرور دانش اور بھارت کی جانب سے وزیر خارجہ سشما سوراج کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھیجا گیا ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے 2 ہفتے قبل ہی جنرل اسمبلی خطاب سے متعلق اپنے ایجنڈے کا اعلان کر دیا تھا جس میں صاف ظاہر تھا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران مسئلہ کشمیر اور افغان مہاجرین کے موضوع پر بات کرنا تھی۔

وزیراعظم نواز شریف نے گذشتہ چند روز میں مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں بھی مسئلہ کشمیر اور افغانستان دراندازی سمیت افغان مہاجرین کا مسئلہ بھرپور طریقے سے اُٹھایا اور خوش آئند بات یہ کہ متعدد ممالک نے بھی وزیراعظم پاکستان کے موقف کی بھرپور حمایت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف کی ان ملاقاتوں کے بعد بھارتی اور افغان اعلٰی رہنماؤں کیلئے مسائل کھڑے ہو سکتے تھے اور انہیں عالمی رہنماؤں کے چبھتے ہوئے سوالات کا جواب دینا پڑ سکتا تھا لہٰذا دونوں ممالک کے رہنماؤں نے دورہ امریکہ سے گریز کرتے ہوئے اپنے سے نچلی قیادت کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں قیادت کیلئے بھیج دیا۔

جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسئلہ کشمیر اور افغان مہاجرین سے متعلق پاکستان کا موقف مضبوط اور ناقابل تردید ہے۔