اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم نے کشمیر کا مقدمہ اچھے انداز میں پیش کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ

بھارتی افوج نے کشمیر میں 118شہریوں کو شہید کیا ، اقوام متحدہ نوٹس لے۔ بھارتی میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے خطے کی صورتحال تبدیل ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 ستمبر 2016 12:43

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم نے کشمیر کا مقدمہ اچھے انداز ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 ستمبر 2016ء) :ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر ڈھائے مظالم کی سختی سے مذمت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں چھرہ گن استعمال کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کریں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا جائزہ لیں۔

میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، بھارتی فوج تاحال 118 کشمیری شہریوں کو شہید کر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر میں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کشمیر کا مقدمہ اچھے انداز میں پیش کیا۔

اقوام متحدہ کو چاہئیے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کسی بھی دہشتگردی کے واقع کا الزام بلا تحقیق ہی پاکستان پر عائد کر دیتا ہے ۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارت کے اڑی سیکٹر پرحملے کے بعد پاکستان پر عائد کیے گئے الزامات کی سختی سے تردید کی ۔ بغیر تحقیق الزامات عائد کرنا قابل مذمت ہے ، بھارت کے متعد د الزامات اس سے قبل بھی غلط ثابت ہو چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے بعد ہی خطے کی صورتحال میں تبدیلی ہوئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی افواج ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ شمالی علاقہ جات میں فضائی بندش اور پاک فضائیہ کی مشقیں معمول کی فضائی مشقوں کا حصہ ہیں۔