صرف آئی فون سیون کے لیے جہاز کے ٹکٹ نہ خریدیں

جمعرات 22 ستمبر 2016 12:13

صرف آئی فون سیون کے لیے جہاز کے ٹکٹ نہ خریدیں

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 ستمبر۔2016ء ) حال ہی میں ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے نئے آئی فون سیون کو دنیا کے 25 ممالک میں فروخت کے لیے پیش کر دیا جس کے بعد سے دوکانوں کے باہر قطاروں کا سلسلہ گذشتہ ہفتے بھی دیکھا گیا ہے۔ تاہم سنگاپور سے تعلق رکھنے والے دو افراد نے مبینہ طور پر پیسے بچانے اور قطاروں سے آگے نکلنے کا نیا طریقہ تلاش کیا۔

ان دونوں افراد نے ایک پرواز کے ٹکٹ خریدے تاکہ چینگی ایئر پورٹ پر وہ آئی فون سیون حاصل کر سکیں۔ بعد میں 16 ستمبر کو ان دونوں افراد کو ائیر پورٹ کے قوانین کی خلاف کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ’ان افراد کا سنگاپور سے باہر جانے کا کوئی ارداہ نہیں تھا اس لیے انھیں ایئر پورٹ سے روانگی کے ہال میں بھی نہیں ہونا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

‘ ان دونوں افراد کے خلاف محفوظ مقامات اور محفوظ علاقوں کے قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان افراد پر ایک ہزار سنگاپور ڈالرز جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور اگر ان پر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو انھیں دو سال تک کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔ پولیس نے دیگر افراد کو بھی ان کے بورڈنگ پاسز کا خریداری کے لیے غلط استعمال کرنے سے منع کیا ہے۔ خیال رہے کہ سنگاپور میں ایپل کا کوئی آفیشل سٹور نہیں ہے جس کی وجہ سے گاہکوں کو موبائل فونز تو آن لائن خریدنے پڑتے ہیں یا پھر عام دوکانداروں سے۔