بھارت وزیر اعظم نواز شریف کے برہان وانی کو ’نوجوان رہنما‘ کہنے پر بھڑک اٹھا

جمعرات 22 ستمبر 2016 12:08

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 ستمبر۔2016ء ) بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے برہان وانی کو ’نوجوان رہنما‘ کہنے پر بھڑک اٹھا۔جمعرات کو بھارت کے خارجہ امور وزیر مملکت ایم جے اکبر نے نواز شریف کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یہ حیرانی کی بات ہے کہ پاکستان ایک دہشت گرد کو ہیرو قرار دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں خونی کھیل کھیلنے والے دہشت گرد برہان وانی کی تعریف کرکے پاکستان یہ تسلیم کر رہا ہے کہ وہ دہشت گردی کا حامی ہے۔ خیال رہے کہ بدھ کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس میں خطاب کے دوران محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کی جائے اور اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو کشمیر بھجوایا جائے تاکہ وہ انڈیا کے بہیمانہ تشدد کی تحقیقات کریں اور ذمہ داران کو سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

ایم جے اکبر نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب مکمل طور حیران کرنے والا ہے۔ انھوں مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ستائش کر رہا ہے۔ وانی حزب المجاہدین کا کمانڈر تھا جو کہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے۔ایم جے اکبر نے کہا کہ یہ حیرت انگیز بات ہے کہ ملک کا ایک لیڈر ایسے پلیٹ فارم سے دہشت گردی کا اس انداز سے پروپیگنڈہ کر رہا ہو۔ ایم جے اکبر نے کہا کہ پاکستان بھارت سے بات تو کرنا چاہتا ہے لیکن ہاتھ میں بندوق ساتھ میں رکھ کر ’دہشت گردی اور دوستی ایک ساتھ نہیں چل سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :