عراقی پارلیمنٹ نے وزیر خزانہ زیباری کو برطرف کرنے کی منظوری دے دی

جمعرات 22 ستمبر 2016 11:47

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 ستمبر۔2016ء) عراق کی پارلیمنٹ نے وزیر خزانہ اور نائب وزیر اعظم ہوشیار زیباری کو بدعنوانیوں کے الزامات میں برطرف کرنے کی منظوری دے دی ۔عرب ٹی وی کے مطابق پارلیمنٹ میں رائے شماری کے وقت 328 اراکین میں سے 156 نے ہوشیار زیباری کو برطرف کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ہوشیار زیباری ایک بااثر کرد سیاست دان ہیں۔

انھوں نے اکتوبر 2014ء میں وزارت خزانہ کا قلم دان سنبھالا تھا۔اس سے پہلے وہ گیارہ سال تک عراق کے وزیر خارجہ رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان سے اگست میں پارلیمان میں بدعنوانیوں کے الزامات پر پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔ان سے قبل پارلیمان اسی انداز میں وزیر دفاع خالد العبیدی کو بھی بدعنوانیوں کے الزامات میں رائے شماری کے ذریعے برطرف کر چکی ہے۔ان پر دفاعی سودوں میں خرد برد کے الزامات عاید کیے گئے تھے۔عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی ستمبر 2014ء میں برسراقتدار آنے کے بعد سے سرکاری محکموں میں بدعنوانیوں کے خاتمے اور اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں لیکن سیاسی رسہ کشی اور سیاسی جماعتوں میں تقسیم کی وجہ سے وہ بدعنوانیوں کے خاتمے کے لیے اپنے ایجنڈے کو ابھی تک عملی جامہ نہیں پہنا سکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :