وزیر اعلی شہباز شریف کا پولیس دربار سے خطاب

پولیس افسروں اور جوانوں کو انصاف کا بول بالا کرنے اور مظلوموں کاساتھ دینے کا واضح پیغام دیا تقریر کے دوران دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کی ترقی کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی

بدھ 21 ستمبر 2016 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ پر پولیس دربار سے خطاب کے دوران پولیس افسروں اور جوانوں کو انصاف کا بول بالا کرنے اور مظلوموں کا ساتھ دینے کا واضح پیغام دیا- وزیر اعلی کا خطاب انتہائی مدلل اور پولیس فورس کی ذمہ داریوں کا احاطہ کئے ہوئے تھا- وزیر اعلی نے پولیس جوانوں اور افسروں کی بھرپورحوصلہ افزائی کرتے ہوئے پولیس فورس کیلئے مراعات کا بھی اعلان کیا-وزیر اعلی کا رواں برس کے دوران پولیس دربارسے یہ دوسرا خطاب تھا-وزیر اعلی نے اپنے خطاب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد ، قائد اعظم زندہ باد اور پولیس فورس زندہ باد کے نعرے لگائے جس پر پنڈال میں بیٹھے تمام پولیس فورس کے افسروں اور جوانوں نے وزیر اعلی کا بھرپور ساتھ دیا- وزیر اعلی نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے ، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور پولیس فورس کے حوالے سے اپنے خطاب کے آخر میں خود خصوصی دعا بھی کروائی- وزیر اعلی نے دعا کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے اور آج ہم صدق دل سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد اور اقبال کا پاکستان بنائے اور عدلیہ ، سیاستدانوں ، فوج ، پولیس اور دیگر اہم اداروں کی لیڈر شپ کو پاکستان کی صحیح معنوں میں خدمت کی توفیق دے - وزیر اعلی نے کہا کہ پولیس فورس عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی جان لڑا دے۔

متعلقہ عنوان :