اسلام آباد کو حقیقی معنوں میں ماحول دوست اور سر سبز و شاداب شہر بنانے کیلئے انوائرنمنٹ ونگ کو بھر پور انداز میں متحرک اور فعال کیا جائے گا اور اسلام آباد کے تمام سیکٹروں میں بلا امتیاز شجر کاری اور لینڈ سکیپنگ کی جائے گی تاکہ پورا شہر خوبصورت نظر آئے

اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کا اسلام آباد ہارٹیکلچر سوسائٹی کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 22:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو حقیقی معنوں میں ماحول دوست اور سر سبز و شاداب شہر بنانے کے لیے انوائرنمنٹ ونگ کو بھر پور انداز میں متحرک اور فعال کیا جائے گا اور اسلام آباد کے تمام سیکٹروں میں بلا امتیاز شجر کاری اور لینڈ سکیپنگ کی جائے گی تاکہ پورا شہر خوبصورت نظر آئے ۔

وہ بدھ کو سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں اسلام آباد ہارٹیکلچر سوسائٹی کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔ اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزنے کہا کہ انوائرنمنٹ ونگ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کا ایک اہم ونگ ہے اور اس کی اہمیت کے پیش نظر اسے متحرک کیا گیا ہے تاکہ سارے شہر سے خود رو جھاڑیوں ،گھاس اور دیگر خود رو پودوں کو تلف کر کے بھر پور شجر کاری کی جائے اور اسلام آباد کے تمام سیکٹروں ،پارکوں اور گرین بیلٹس پر خوبصورت پھولدار اور سایہ دار درخت لگائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلا م آباد میں موسم بہار اور موسم خزاں کے پھولوں کی سالانہ نمائش اب اسلام آباد کے دیگر پارکوں میں بھی کی جائے گی تاکہ اسلام آباد کے تمام علاقوں کے لوگ اس صحت مند تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں اور لوگوں کے اندر باغبانی اور پودوں سے محبت پیدا کی جا سکے۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کو ماحول دوست شہر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کر رہی ہے جس میں لینڈ سکیپنگ اور خوبصورت لان اور خالی جگہوں پر پھولدار پودے لگانے کے لیے مختلف این جی اوز اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو دعوت دی جائے گی تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کی سرگرمی کی اجازت محض شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کے لیے ہو گی جسے کسی اور مقصد کے لیے استعمال میں لانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے اسلام آباد ہارٹیکلچر سوسائٹی کی اسلام آباد میں باغبانی، شجر کاری اور پودوں کی افزائش اور لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد اور سی ڈی اے اسلام آباد ہارٹیکلچر سوسائٹی کے ساتھ بھر پور تعاون کرینگے تاکہ ہم سب مل کر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کو ملک کا خوبصورت شہر بنا سکیں۔

اس موقع پر اسلام آباد ہارٹیکلچر سوسائٹی کے عہدیداروں نے میئرمیٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آبادشیخ انصر عزیز کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی طرف سے تعاون کا یقین لایا ۔ شیخ انصر عزیز نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اسلام آباد ہارٹیکلچر سوسائٹی شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے مفید تجاویز دیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :