اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ نہ صرف وقت کی اہم ضرورت ہے بلکہ مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بین الاقوامی معیار کے ایئر پورٹ سے جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کی نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے دورے کے موقع پر گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء ) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ نہ صرف وقت کی اہم ضرورت ہے بلکہ مستقبل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بین الاقوامی معیار کے ایئر پورٹ سے جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے دورے کے موقع پر کیا۔

نیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے دورے کے موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر مارشل (ریٹائرڈ) عاصم سلیمان نے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزکو نیو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ایئر پورٹ پر جاری ترقیاتی کام دیکھے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اور سی ڈی اے کی طرف سے تمام مطلوبہ تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نیو انٹر نیشنل ایئر پورٹ کو ملک کا جدید اور اسٹیٹ آٖ ف دی آرٹ سہولیات سے مزین ایئر پورٹ بنانا چاہتے ہیں اس لیے نیو ایئر پورٹ میں فضائی سفر کرنے والوں کو جدید سفری سہولیات میسر ہوں گی۔

(جاری ہے)

میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت کے مطابق نیو ایئر پورٹ تک اسلام آباد کے مسافروں کو سہولت بہم پہنچانے کے لیے جدید گاڑیوں پر مشتمل شٹل سروس شروع کی جائے گی جس کے لیے اسلام آباد کے تین مختلف مقامات سے یہ شٹل سروس نیو ایئرپورٹ تک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایت کی روشنی میں اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تین موزوں مقامات کے انتخاب کے لیے سی ڈی اے کی پلاننگ ونگ نے سروے شروع کر دیا ہے جن کا حتمی انتخاب جلد کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے مقامات کو ترجیح دی جائے گی جہاں سے اسلام آباد کے تمام لوگ اس شٹل سروس سے مستفید ہو سکیں۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزنے نیو ایئر پورٹ کے ٹرمینل ،کارگو سروس اور رن وے کے علاوہ دیگر تعمیراتی کام کا بھی معائنہ کیا اور سول ایوی ایشن کی طرف سے منصوبے کی تکمیل کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :