پنجاب حکومت زراعت کی ترقی کے لئے عالمی بنک کے تعاون کا خیرمقدم کرے گی ،اس مقصد کیلئے معاہدہ کیا جائے گا، فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لئے عالمی بنک کے زرعی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں ، پنجاب حکومت نے فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے اور چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کے لئے 100 ارب روپے کا تاریخی کسان پیکیج دیا ہے چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے زرعی کمیشن قائم کیا گیا ہے، سمال فارمرزڈویلپمنٹ کارپوریشن کے قیام کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں

وزیر اعلیٰ پنجاب کی عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کی قیادت میں زرعی و دیہی ٹرانسفارمیشن مشن سے ملاقات میں گفتگو زراعت کے شعبہ کی ترقی میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور زرعی مارکیٹس کو مستحکم اور رورل ٹرانسفارمیشن کے امور پر تبادلہ خیال زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے ،کنٹری ڈائریکٹر عالمی بنک

بدھ 21 ستمبر 2016 22:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہپنجاب حکومت زراعت کی ترقی کے لئے عالمی بنک کے تعاون کا خیرمقدم کرے گی ،اس مقصد کیلئے معاہدہ کیا جائے گا، فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لئے عالمی بنک کے زرعی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں ، پنجاب حکومت نے فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے اور چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کے لئے 100 ارب روپے کا تاریخی کسان پیکیج دیا ہے,چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے زرعی کمیشن قائم کیا گیا ہے, سمال فارمرزڈویلپمنٹ کارپوریشن کے قیام کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

بدھ کو یہاں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے عالمی بینک کے زرعی و دیہی ٹرانسفارمیشن مشن ) نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو ، وفد کی قیادت کر رہے تھے- ملاقات میں زراعت کے شعبہ کی پائیدار ترقی کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دینے اور زرعی مارکیٹس کو مستحکم اور رورل ٹرانسفارمیشن کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے عالمی بنک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور زرعی شعبے کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے-زراعت کو ترقی دے کر معیشت کو مربوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے اورزرعی شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے خود کفالت کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت زراعت کی ترقی کے لئے عالمی بنک کے تعاون کا خیرمقدم کرے گی ہم فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے اور زرعی شعبے کی ترقی کے لئے عالمی بنک کے زرعی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں - پنجاب حکومت اور عالمی بنک کے مابین زراعت کی ترقی کے لئے باہمی تعاون کا معاہدہ کیا جائے گا-انہوں نے کہا کہ عالمی بنک سماجی شعبوں کی بہتری کے پروگراموں کے حوالے سے پنجاب حکومت کا ایک اہم شراکت دار ہے اور عالمی بنک کے تعاون سے پنجاب کے عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے کئی پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں- سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے عالمی بنک کا تعاون لائق تحسین ہے اور زراعت کے شعبہ میں تعاون کو بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے - وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے اور چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کے لئے 100 ارب روپے کا تاریخی کسان پیکیج دیا ہے -چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے اور چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انتہائی شفاف طریقے سے فراہم کئے جائیں گے-زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے پنجاب ایگریکلچرکمیشن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے اورزرعی پالیسی کی تشکیل کے لئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے - انہوں نے کہا کہ سمال فارمرزڈویلپمنٹ کارپوریشن کے قیام کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ پنجاب کا مستقبل زراعت سے وابستہ ہے اور اس شعبے کو ترقی دے کر صوبے کی معیشت کو مضبوط بنائیں گے - انہوں نے کہا کہ زرعی تحقیق کو مضبوط کر کے زرعی پیداوار کو بڑھایا جا سکتا ہے - کاشتکاروں کو جدید تحقیق کے نتائج منتقل کرنا بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے -اسی مقصد کے پیش نظر توسیع سروسز کو پوری طرح فعال کیا جا رہا ہے - انہو ں نے کہا کہ سیڈ انڈسٹری میں بھی جامع اصلاحات لائی جا رہی ہیں -پنجاب حکومت نے زراعت کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات عالمی بنک کے زرعی ماہرین نے صوبے میں زراعت کے فروغ کے لئے بہترین سفارشات دی ہیں اور ان کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھایا جائے گا- کنٹری ڈائریکٹر عالمی بنک پچا موتھو الانگو نے کہا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے -پنجاب میں زراعت کے شعبے میں بہت پوٹینشل موجود ہے اور اس پوٹیشنل کو بروئے کار لانے کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں گے - انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دنیا کے بہترین زرعی سائنٹسٹ کی تعیناتی کی گئی ہے جس کے ساتھ ملکر کام کرنے سے پنجاب میں زراعت کے شعبے پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے -صوبائی وزراء ڈاکٹر فرخ جاوید، یاور زمان، عائشہ غوث پاشا، معاون خصوصی لائیوسٹاک ارشد جٹ، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، زرعی ماہرین اور اعلیٰ افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔

سینئر ڈائریکٹر برائے ایگریکلچر جوئرگن ویگیل سینئر ایگریکلچر اکانومسٹ جوہانز جارجز پیس جانسن اور دیگر ماہرین عالمی بنک کی ٹیم میں شامل تھے-

متعلقہ عنوان :