وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف مابین ملاقات،سی پیک کے تحتتوانائی منصوبوں پر پیش رفت پر تبادلہ خیال

اقتصادی راہداری کے تحت بھی تیزرفتاری سے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں ، ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ پر دن رات کام جاری ہے ،یہ منصوبہ اگلے برس جون میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا،شہبازشریف کی گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 22:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے ملاقات کی، جس میں پنجاب سمیت ملک بھر میں لگنے والے توانائی منصوبوں خصوصاً سی پیک کے تحت انرجی پراجیکٹس پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں 3 برس کے دوران توانائی منصوبوں پر بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے اور کئی منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت بھی تیزرفتاری سے بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں۔ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ پر دن رات کام جاری ہے اور یہ منصوبہ اگلے برس جون میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں گیس پاور منصوبوں پر بھی کام جاری ہے اور 2017 کے اختتام تک توانائی منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی جس سے توانائی بحران پر قابو پانے میں بہت مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ دھرنا سیاست نے توانائی سمیت فلاح عامہ کے کئی منصوبوں میں تاخیر کی اور ایک بار پھر انتشار کی سیاست کے ذریعے عوام کی خوشحالی کے منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ چیچہ وطنی کے ضمنی الیکشن کے نتائج دھرنا سیاست کرنے والوں کیلئے نوشتہ دیوار ہیں۔ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے این اے 162 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی شاندار کامیابی پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی۔