قائد اعظم لائبریری میں ”کوہا “ سوفٹ وئیر کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

بدھ 21 ستمبر 2016 22:34

لاہور۔21ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21ستمبر ۔2016ء ) قائد اعظم لائبریری میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میںآ ئی ٹی ماہرین کی زیر نگرانی قائد اعظم لائبریری اور اس کے ملحقہ سٹاف کو ”کوہا“سوفٹ وئیر کے بارے میں ٹریننگ دی گئی۔ تربیتی ورکشاپ کا مقصد لائبریریوں کو جدید تقاضوں سے استوارکرناہے۔ قائد اعظم لائبریری کے آئی ٹی ایکسپرٹ حسنین حیدر نے ورکشاپ کا آغاز کرتے ہوئے کوہا سوفٹ وئیرکے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوہا ایک ایسا اوپن سورس سافٹ وئیر ہے جسے محض لائبریری کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے، پاکستان کی لیڈنگ یونیورسٹیاں اس وقت کوہا استعمال کر رہی ہیں چنانچہ قائد اعظم لائبریری کے لئے بھی ڈیجیٹل ورلڈ سے قدم ملانے کے لئے اس سافٹ وئیر پر کام کرنا بے حدضروری ہے۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے بعد شالیمار میڈیکل ڈینٹل کالج کے چیف لائبریرین غلام فرید اور لیڈز یونیورسٹی کے چیف لائبریرین نور حسین نے سٹاف کو کمپیوٹر لیب میں کوہا سوفٹ وئیر کے ماڈلز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ورکشاپ کی میزبانی کے فرائض عائشہ سبحانی نے ادا کئے جبکہ دارالاسلام کے چیف لائبریرین محمد تاج نے خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پبلک لائبریریز ڈاکٹر ظہیر احمد بابر نے کہا کہ یہ دور ڈیجیٹل لائبریریز کا ہے، ریڈرزمیں آن لائن کتب بینی کا رجحان بڑھ رہا ہے ایسے میں اگر ہم اپنے ریڈرز کو جدید ٹیکنالوجی سے آگاہ نہ کریں تو زیادتی ہو گی۔

اسی سلسلے میں ہم نے قائداعظم لائبریری کے سٹاف کو جدید ٹیکنالوجی کے آثارو رموز سکھانے کا بیڑا اٹھایا اورنئے سافٹ وئیرز کی اہمیت اور استعمال کے حوالے سے ورکشاپ کا انعقاد کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک قائد اعظم لائبریری18ہزار کتب ڈیجیٹلائز کرنے میں خود کفیل ہو چکی ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔یاد رہے کہ اس ورکشاپ کے مزید دو سیشنزیکم اکتوبر کومنعقد کئے جائینگے۔

متعلقہ عنوان :