جہانگیر ترین کے خلاف آواز اٹھانے پر پارٹی کی جانب سے ہمیں بکاؤ مال کہنا باعث شرم ہے، سید علی بخاری

بدھ 21 ستمبر 2016 22:34

لاہور۔21ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21ستمبر ۔2016ء ) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف یو تھ ونگ سید علی بخاری نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کے فیصلے کے خلاف آواز اٹھانے پر پارٹی کی جانب سے ہمیں بکاؤ مال کہنا افسوسناک اور باعث شرم ہے، ضرورت پڑی تو پارٹی کے اندر تحریک احتساب شروع کریں گے اور تمام حقائق قوم کے سامنے لائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر نائب صدر تحریک انصاف یو تھ ونگ ندیم کاہلوں،ِ نائب صدریو تھ ونگ پاکستان محمودجوئیہ ، صدر پنجاب زبیر خان نیازی ، جنرل سیکرٹری پنجاب شیرازچیمہ ، صدر لاہو رعثمان حمزہ اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مرکزی صدر یو تھ ونگ سید علی بخاری نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ہمیں جہانگیر خان ترین کا یو تھ ونگ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ قبول نہیں ہے لیکن اس معاملے کے خلاف آواز بلند کرنے پر پارٹی کے چندلوگو ں کا ہمیں بکاؤ مال کہنا افسو سنا ک اور باعث شرم ہے ، ہم نے اپنی جوانیاں اس پارٹی کودی ہیں اور ہمارے لیے اس قسم کے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے ضرورت پڑی تو پارٹی کے اندر تحریک احتساب شروع کریں گے اور تمام حقائق قوم کے سامنے لائیں گے ۔