الیکشن کمیشن نے 102 ضلعی ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں تشکیل دیدیں،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ضلعی کمیٹی کا چیئرمین ہوگا

بدھ 21 ستمبر 2016 21:59

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21ستمبر ۔2016ء) الیکشن کمیشن نے 102 ضلعی ووٹر ایجوکیشن کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں جس کا مقصد انتخابی عمل میں مقامی کمیٹیوں کو فعال کردار ادا کرنے پر قائل کرنا ہے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اس ضلعی کمیٹی کا چیئرمین ہوگا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر یا ڈی سی او آفس کا کوئی نمائندہ بطور ممبر شامل ہوگا۔

اس کے علاوہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ یا سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ‘ لوکل گورنمنٹ‘ محکمہ تعلیم و محکمہ صحت‘ سیاسی جماعتوں اور نوجوان‘ خواتین‘ اقلیتوں اور معذور افراد میں سے ایک ممبر کمیٹی کا حصہ ہوگا۔ ان کمیٹیوں کی ٹریننگ بھی بدھ کے روز سے شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یہ ٹریننگ ایک ماہ تک جاری رہے گی جس کا مقصد خواتین اور مرد ووٹرز کے درمیان ایک کروڑ دس لاکھ کے گیپ اور جاری ووٹر رجسٹریشن اور ووٹرز کی تصدیق کے عمل کو زیر غور لانا ہے۔

یہ کمیٹیاں ضلعی انتظامیہ‘ مقامی میڈیا‘ تعلیمی اداروں‘ سول سوسائٹی کی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سے رابطے اور ووٹر ایجوکیشن سرگرمیوں کے لئے منصوبہ بندی کی ذمہ دار ہونگی۔ یہ کمیٹیاں سہ ماہی بنیادوں پر ووٹر ایجوکیشن سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ صوبائی الیکشن کمشنر آفس کے فوکل پرسن کو پیش کریں گی۔

متعلقہ عنوان :