سوشل میڈیا پر 200سے زائد خواتین ڈاکٹرز کو بلیک میل کرنے کا الزام

لاہور ہائیکورٹ نے گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی

بدھ 21 ستمبر 2016 21:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21ستمبر ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ملزم عبدالوہاب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے میڈیا کے دباؤ پر اسکے موکل کے خلاف خواتین ڈاکٹرز کو حراساں کرنے کے بے بنیادالزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا پولیس نے بے بنیاد مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات بھی عائد کر رکھی ہیں لہذا عدالت ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرئے۔ینگ ڈاکٹرز ایسویسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عبدالوہاب علوی نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے خواتین ڈاکٹروں کو حراساں کیا جس کے باعث درجنوں خواتین ڈاکٹرز پیشہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں۔

(جاری ہے)

ملزم کی نازیبا حرکات کی بناء پر کئی خواتین ڈاکٹرز کے رشتے ٹوٹ گئے جبکہ ملزم ڈاکٹر ز کو بلیک میل کر کے بھتہ بھی وصول کرتا رہا۔ ملزم نے خواتین ڈاکٹرز کی جعلی ویڈیو ز بنائی اور انہیں بلیک میل کیا۔ملزم کا موبائل ڈیٹا ریکارڈ کا حصہ ہے جبکہ ملزم سے میموری کارڈز بھی برآمد کئے جا چکے ہیں۔جس پر عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں مقدمے کاٹرائل مکمل کرنے کی ہدائت کر دی۔(بخت گیر)

متعلقہ عنوان :