نومنتخب بلدیاتی نمائندے شہر کو کچرا کنڈی بنانے کے بجائے صفائی ستھرائی میں اپنا کردارادا کریں،جماعت اسلامی

بدھ 21 ستمبر 2016 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گندگی کے ڈھیر اور ٹریفک کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت اور منتخب بلدیاتی نمائندے کراچی سمیت سندھ کے شہروں کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرکے عوام کو دہرے عذاب سے نجات دلائیں ،انہوں نے جاری اپنے بیان میں کہا کہ حکمران ٹولہ جہاں جاتا ہے اور جہاں رہتا ہے وہاں تو منٹوں میں صفائی کی جاتی ہے مگر جہاں عام آدمی رہتے ہیں وہاں انتہائی ابتر صورتحال ہے۔

(جاری ہے)

عید سے قبل اور عیدکوکئی روزگذرجانے کے بعدبھی کراچی میں صفائی کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے ہر طرف کچرے کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔ صرف وی آئی پی لوگ انسان نہیں ہیں عام لوگوں کا بھی خیال رکھا جائے۔ جماعت اسلامی کے رہنماء نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی نمائندے کراچی سمیت سندھ کے شہروں کو کچرا کنڈی بنانے کے بجائے ان کی تعمیر و ترقی اور صفائی ستھرائی میں اپنا کردار اور کرپشن فری اقدامات کریں۔