یوم عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا، ڈی پی او قصور

بدھ 21 ستمبر 2016 21:24

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) یوم عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی پی اوسید علی ناصر رضوی ،ڈی سی او عمارہ خاں ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزڈی پی اوقصور سید علی ناصررضوی اور ڈی سی او عمارہ خاں نے شہر قصور کے یوم عاشورہ کے مرکزی جلو س کے روٹس کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں اس موقع پرمنتظمین جلوس،انجمن تاجراں کے عہدیداران، ڈی ایس پی سٹی عبدالقیوم گوندل ،اے سی قصور ،ایس ایچ او اے ڈویژن انسپکٹرا شفاق حسین کاظمی ،ایس ایچ او بی ڈویژن انسپکٹر ملک طارق محمودو دیگر افسران بھی موجود تھے روٹس کے وزٹ کے دوران ڈی پی او قصور نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گااور ذوالجناح کے راستوں پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ جلوس کے دوران گلیوں ،بازاروں کو بیرئیر ،خاردار تاروں اور قنا توں سے عارضی طور پر بند کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹکٹر ز سے چیکنگ کی جائے گی ۔جلوس کے روٹس پر چلنے والی گاڑیوں پر مخصو ص سٹکرز جبکہ سبیلو ں اور لنگر کیلئے متعلقہ ڈی ایس پی اور اے سی سے اجازت نامہ حاصل کیا جائے گا اور جلوس کے دوران گھروں کی چھتوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے ٹریفک کے بہاؤ کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں جلوس کے روٹس کی مکمل صفائی کیساتھ ساتھ تجاوزات کو بھی ختم کیا جائے گا اورجلو س ہائے کے روٹس کی چیکنگ بذریعہ سنیفر ڈاگ اور ٹیکنیکل آلات سے کروائی جائے گی ۔

ڈی سی او عمارہ خاں نے کہا محرم الحرام کے دوران زائرین کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے ۔ڈسٹرکٹ انتظامیہ ، پولیس کیساتھ ملکر ہر ممکنہ سہولت فراہم کرے گی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے گی انہوں نے کہاکہ جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی کیمرے نصب کیے جائیں گے جس کا کنٹرول روم ڈی سی او آفس میں قائم کیا جائیگا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہوسکے۔