اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سٹی کی کارروائی آسو موٹر سائیکل سنیچر و چور گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

بدھ 21 ستمبر 2016 21:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء ) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سٹی نے موٹر سائیکل چھیننے اورچوری کی وارداتوں میں ملوث آسو موٹر سائیکل سنیچر و چور گینگ کے سرغنہ کوساتھی سمیت گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ 11موٹر سائیکلیں،ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے اورچوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے ایس پی AVLS خالد رؤف کو موٹر سائیکل چھیننے اورچوری کی وارداتوں میں ملوث گروہوں کی گرفتاری کا ہدف دیا۔

ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف سٹی آفتاب احمد پھلر وان کی سربراہی میں انچارج اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف سٹی سب انسپکٹر گلزار احمد اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ریڈ کر کے بین الاضلاعی آسو موٹر سائیکل سنیچر وچور گینگ کے سرغنہ آصف خاں عرف آسو اور اس کے ساتھی وقاص خاں کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چھینی اورچوری کی گئی11موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیزاور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہیں جبکہ ملزموں کے دیگر دو ساتھی حسن خاں عرف سنی اور اعجاز موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

ملزمان اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اورشہر کی مختلف مارکیٹوں میں لے جا کراُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف تھانوں کی حدود سے موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمد چوہدری نے موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :