علماء کرام عوام کو محبت اور رواداری کا درس دیں، ڈی سی او

بدھ 21 ستمبر 2016 20:46

ساہیوال۔21ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21ستمبر ۔2016ء )حضرت امام حسین کی عظیم قربانی اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اسلام دشمن عناصر کے ان مقاصد کو نا کام بنائیں جو چودہ سو سال سے مسلمانوں میں نفاق پیدا کر کے حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔علماء کرام کا فرض ہے کہ وہ عوام کو محبت اور رواداری کا درس دیں اور معاشرے میں انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کے خلاف عوامی حمایت کو فروغ دیں ۔

(جاری ہے)

یہ بات ڈسٹرکٹ کو آرڈینشن آفیسر شوکت علی کچھی نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عاطف اکرام کے علاوہ علمائے کرام‘تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال ہمیشہ امن آتشی اور محبت پھیلانے والا خطہ ہے جہاں کسی شدت پسندی کو فروغ نہیں دینے دیا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی اور فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر اسلام اور پاکستان کو نقصان پہنچانے چاہتے ہیں جن کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔