کشمیریوں کے دل نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ملک کی خوشحالی کے ایجنڈے میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ، نوازشریف کی قیادت میں کشمیری عوام کے حقوق کی دنیا کے ہر فورم پر بھرپور ترجمانی کی جائے گی، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی گورنر پنجاب سے گفتگو

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، ملک محمد رفیق رجوانہ

بدھ 21 ستمبر 2016 20:44

لاہور۔21ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21ستمبر ۔2016ء ) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی بھاری اکثریت سے کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیریوں کے دل نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کے خوشحالی کے ایجنڈے میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے ۔

وہ بدھ کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے،سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال ، صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود بھی موجود تھے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوصہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی سنگینوں تلے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں اور پاکستان کا پرچم سربلند کر رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ بھارت کے قابض حکمران تحریک تکمیل پاکستان کا راستہ نہیں روک سکتے اور انشاللہ نوازشریف کی قیادت میں کشمیری عوام کے حق کی دنیا کے ہر فورم اور سطح پر بھرپور امداد اور ترجمانی کی جائے گی- گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہنے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیری عوام کو اُن کے جائز حق سے محروم نہیں کر سکتی ،حق تلفی بھی دہشت گردی کی ایک شکل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں کے سامنے کشمیریوں کی جدوجہد کا مقدمہ اور بھارتی فوجیوں کے معصوم اور نہتے کشمیریوں پر مظالم کا اصلی چہرہ پوری دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے ،حق اور سچ کا ساتھ دینے کی جرات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر قبضے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ،مسئلہ کشمیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور یہاں ہونے والے انسانیت سوز مظالم اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ عالمی برادری اس جانب توجہ دے،کشمیر اس وقت انسانی ضمیر اور عالمی قانون کے لیے ایک ٹیسٹ کیس بن چکا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جبر و تشدد سے کشمیری عوام کے جذبے اور حق خود ارادیت کے لیے ان کی جائز جدو جہد کو دبایا نہیں جا سکتا اوربھارت کی طرف سے بے سروپا الزامات کشمیر یوں کی تحریک آزادی کو نہیں روک سکتے ۔ انہوں نے کہا بھارت فوری طور پر کشمیریوں پر ظلم وبربریت کا سلسلہ بند کرے اور کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس مسئلے کو حل کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے اس منفی رویے کی وجہ سے دنیا بھر میں تنہا ہوتا جا رہا ہے اور آخر کار کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی تحریک کے نتیجے میں بھارت کو کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی طرف آنا ہو گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔پاکستان نہ تو بھارتی دھمکیوں سے مرعوب ہو گا اور نہ ہی کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت سے پیچھے ہٹے گا۔

گورنر پنجاب نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کی بڑی خوشی ہو رہی ہے کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ایک انتہائی بُرد باد اورمحب وطن شخصیت کو آزاد کشمیر کا وزیر اعظم نامزد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ اِن کی قیادت میں آزاد کشمیر تیزی سے ترقی کی منازل طے کرے گا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نوازشریف کی مدبرانہ قیادت میں اس بات کا عزم کیے ہوئے ہے کہ آزاداکشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی اُس سطح پر پہنچایا جائے گا جہاں دنیا اُس کی ترقی پر رشک کرے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ انتخابی جلسوں میں مسلم لیگ (ن) نے کشمیری عوام کے لیے جن میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا تھا انشااللہ اُن کی تکمیل سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، ملاقات میں خطے کی مجموعی سیاسی صورت حال اور مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریو ں پر ریاستی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔