ملک کی60فیصد سے زائد آبادی تعلیم جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہے‘ میاں مقصود احمد

حکومت عدالت عظمیٰ کی ہدایات کے مطابق ملک میں نفاذ اردو کو یقینی بنائے‘ جماعت اسلامی پنجاب کی مختلف وفود سے گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار اداکرتی ہے ،دنیابھر کی حکومتیں تعلیم کوعام کرنے کے لئے اپنے ملکوں میں اقدامات کرتی ہیں ،مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں عوام کے اس بنیادی حق کو کاغذات تک محدود کردیاگیا ہے،وطن عزیز میں تعلیمی صورتحال غیر اطمینان بخش ہے ،ملک کی60فیصد سے زائد آبادی آج بھی دیہاتوں میں بستی ہے لیکن وہ تعلیم جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے تعلیم جیسے اہم شعبہ پرخاطر خواہ توجہ نہیں دی۔حکومتی عدم توجہی،غربت اورمہنگائی کی وجہ سے بچوں کی بڑی تعداد سکولوں کا منہ تک نہیں دیکھ سکتی۔

(جاری ہے)

کیونکہ معاشی مشکلات کی وجہ سے بچوں کو تعلیم دلوانا والدین کی دسترس میں نہیں رہا۔

ملک میں دن بدن بڑھتی ہوئی غربت کی وجہ سے کروڑوں بچے اسکول نہیں جاتے۔جب تک تعلیم کا فروغ عام نہیں ہوگا پاکستان خوشحال اور مستحکم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں جتنی بھی قوموں نے ترقی کی ہے انہوں نے معاشرے کو ایجوکیٹ کرکے ہی اپنامقام بنایاہے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ اردو کو سرکاری ودفتری زبان کے طور پرنافذ کرنے کے لئے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدبھی حکومتی مشینری چپ سادھے بیٹھی ہے۔

اردو ہماری پہچان ہے اور ہمیں اپنی قومی زبان پر فخر ہوناچاہئے۔ ہرقوم کی اپنی ثقافت ہوتی ہے جس کی اولین پہچان اس کی زبان ہوتی ہے لیکن پاکستان بننے کے بعد ہماری پہچان اردو کے ساتھ سوتیلی ماں کا سا سلوک روا رکھا گیااور ایک غیرملکی زبان کواپنے اوپر مسلط کرلیاگیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نفاذ اردو کے حوالے سے حکومت سپریم کورٹ کے اس تاریخی نوعیت کے فیصلے کونظر انداز کرنے کی بجائے سنجیدگی سے لے اور عدالت عظمیٰ کی ہدایات پر فی الفور عمل کیا جائے۔