پنجاب کی تمام چھوٹی بڑی نہروں کے کنارے وسیع پیمانے پر شجر کاری کا کام

محکمہ جنگلات کی بجائے محکمہ آبپاشی کو تفویض کرنے کا فیصلہ

بدھ 21 ستمبر 2016 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر ۔2016ء ) حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں3993 نہری میل لمبی لنک کینالز اور بڑی نہروں کے علاوہ 19293نہری میل لمبی ڈسٹری بیوٹریز،مائنرز اور راجباہوں کے کناروں پر شجرکاری کا کام محکمہ جنگلات پنجاب سے واپس لے کر محکمہ آبپاشی پنجاب کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے-اس سلسلے میں ٹرانزیشن کا عمل بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا-یہ بات آج ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں ایک بریفنگ اجلاس میں بتائی گئی جس میں سیکرٹری جنگلات پنجاب کپیٹن(ر)جہانزیب خاں ،سیکرٹری آبپاشی پنجاب کیپٹن(ر) سیف انجم ،سیکرٹری ریگولیشن پنجاب ڈاکٹر صالح طاہر اور ایڈیشنل سیکرٹری (آپریشنز)اری گیشن ڈیپارٹمنٹ محمد اشرف نے شرکت کی -اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر پنجاب کی تمام چھوٹی بڑی نہروں اور راجباہوں کے دونوں اطراف شجر کاری کی اہمیت کے پیش نظر محکمہ جنگلات کی بجائے یہ کام محکمہ آبپاشی پنجاب کی تحویل میں دیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں صوبائی محکمہ آبپاشی اپنے زیر انتظام تمام نہروں کی پٹریوں پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری محکمہ آبپاشی کے فیلڈ افسران کی نگرانی میں اپنے ہزاروں بیلداروں کے ذریعے ممکن بنا سکے گا - وسیع پیمانے پر اس شجر کاری سے پنجاب کے موسمی تغیرات پر کنٹرول کرنے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں بے حد مدد ملے گی - اجلاس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کو اس حوالے سے محکمہ آبپاشی پنجاب کے مجوزہ لائحہ عمل اور آپریشنل پلان کے بارے میں تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا-

متعلقہ عنوان :