Live Updates

پنجاب میں تیز رفتار ترقی وزیراعلیٰ شہباز شریف کی شبہ و روز کاوشوں کا نتیجہ ہے ،وزیراعظم آزاد جموں کشمیر

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا لاہور پہنچنے پرتپاک استقبال ، رانا مشہودنے خیر مقدم کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی صوبائی وزیر رانا مشہود کے ہمراہ داتا درباراور مزارِ اقبال پر فاتحہ خوانی، پھولوں کی چادر چڑھائی وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی گورنر ہاؤس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات،وزیراعلیٰ آفس میں مختلف محکموں سے متعلق بریفنگ

بدھ 21 ستمبر 2016 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء ) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے دوروزہ دورے پر لاہور پہنچنے پر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے ان کا پر تپاک استقبال کیا ۔ ملاقات کے دوران شعبہ تعلیم اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر تعلیم پنجاب نے مہمان وزیر اعظم کو بتایا کہ پنجاب حکومت صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی بھر پر مذمت کرتا ہے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کے ہمراہ مزارِ اقبال پر حاضری دی۔

(جاری ہے)

مہمان وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

رینجرز کے چاک و چوبند دستے نے مہمان وزیر اعظم کو سلامی پیش کی۔بعد ازاں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے رانا مشہود کے ہمراہ داتا دربار حاضری دی، مزار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انہوں نے اور ملکی سلامتی، استحکام اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعا کی۔ علاوہ ازیں مہمان وزیراعظم نے وزیر تعلیم پنجاب کے ہمراہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔

گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران بین الصوبائی معاملات، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔ بعد ازاں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کو وزیراعلیٰ آفس میں مختلف محکموں کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پرصوبے میں جاری منصوبوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرنے کہاکہ پنجاب میں تیز رفتار ترقی وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی شبانہ روز کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات