Live Updates

پی ٹی آئی نے 30ستمبر کے رائیونڈ مارچ کیلئے اڈہ پلاٹ کو فائنل کر دیا،ضلعی کمیٹیوں کو ٹاسک سونپ دیئے

قصور ،شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب کے اضلاع مہمان داری،نوجوان سکیورٹی و خواتین کیلئے ڈیوٹیاں دیں گے ،وزیر اعلیٰ پنجاب کے اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں‘عبدالعلیم خان کا اجلاس سے خطاب ، وفد کا رائیونڈ کا دورہ ،مختلف امور کا جائزہ لیا

بدھ 21 ستمبر 2016 19:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) تحریک انصاف نے باہم صلاح مشورے اور پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق 30ستمبر کے رائیونڈ مارچ کیلئے اڈا پلاٹ کو فائنل کر دیا اور سنٹرل پنجاب کے 9اضلاع کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کو مختلف ٹاسک سونپ دیئے ہیں ۔پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی کال پر ملک بھر سے شرکت کرنے والے لاکھوں متوالوں کیلئے بھوبتیاں یا کوئی اور جگہ کم پڑ جائے گی اسی لیے متفقہ طور پر اڈا پلاٹ کو ہی رائیونڈ مارچ کیلئے منتخب کر لیا گیا ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ قصور،شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے اضلاع کو مہمان داری کیلئے خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے نوجوان سکیورٹی امور اور خواتین کیلئے خصوصی اقدامات یقینی بنائیں گے عبدالعلیم خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اپنے کارکنوں کو پر امن رہنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کو اپنی صفوں میں گُلو بٹ جیسے عناصر پر نگاہ رکھنا ہو گی جو میڈیا کے اراکین اور عام لوگوں کو بھی نہیں بخشتے اگر ایسی کوئی شر پسندی کی گئی تو صورتحال خراب ہو سکتی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اﷲ زندہ دلان لاہور 30ستمبر کو مینار پاکستان پر ہونے والے عوامی جلسوں ،لانگ مارچ ،شٹ ڈاؤن لاہوراور چئیرنگ کراس کی ریلیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں عبدالعلیم خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے رائیونڈ کا دورہ کیا اور جلسہ گاہ کے روٹ اور دیگر امور کا جائزہ لیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی طرف سے اس امر کا بار بار یقین دلایا جا رہا ہے کہ ہمارا زیر اعظم یا کسی اور کے گھر جانے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن بعض شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار مکھن لگانے اور نمبر بنانے کے چکر میں لاٹھی بردار پریس کانفرنسیں کر رہے ہیں جن کا کوئی مقصد نہیں ایسی اشتعال انگیزی کے نتائج کی ذمہ دار حکومت او ر انتظامیہ ہو گی عبدالعلیم خان نے لاہور کے صدور ظہیر عباس کھوکھراور ولید اقبال ،ایم پی اے شعیب صدیقی پارٹی رہنماؤں حماد اظہر ، جمشید اقبال چیمہ ،خالد محمود گجر ، اعجاز ڈیال کے ہمراہ بھوبتیاں ،اڈاپلاٹ اور رائیونڈ روڈ پر مختلف جگہوں کا دورہ کیا اور 30ستمبر کے حوالے سے اہم امور کو حتمی شکل دی اور طے ہوا کہ پارٹی چئیرمین عمران خان رائیونڈ مارچ کے لاکھوں شرکاء کے آخری پڑاؤ سے اڈا پلاٹ پر خطاب کریں گے ۔

مقامی ہوٹل میں ہونے والے سنٹرل پنجاب کے پارٹی اجلاس میں قصور ، شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب ،گجرانوالہ ،حافظ آباد ،گجرات ،سیالکوٹ اور نارووال سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کو یقین دلایا کہ ہر ضلع سے تحریک انصاف باہم متحد ہو کر شاندار نتائج دے گی اور پر امن رہتے ہوئے 30ستمبر کو اڈا پلاٹ رائیونڈ کی طرف مارچ کیا جائے گا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات