اے این پی کی ضمنی بلدیاتی انتخا بات میں کامیابی پرپارٹی نمائندوں کو مبارکباد

ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی نے ثابت کر دیا ہے عوام اے این پی پر بھرپور اعتماد کر تے ہیں ، سردار حسین بابک

بدھ 21 ستمبر 2016 19:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے بونیر اور دیر سمیت صوبے بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخا بات میں اے این پی کی کامیابی اور بہترین کارکردگی پر نمائندوں، عہدیداروں اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انشاء اﷲ 2018ء کے الیکشن میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کر کے عوام کو ورغلانے والوں کا بوریا بستر گول کر دیا جائے گا۔

اپنے ایک تہنیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ضمنی بلدیاتی الیکشن میں کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام اے این پی پر بھرپور اعتماد کر تے ہیں اور اے این پی ہی عوام کے حقوق کی واحد محافظ جماعت ہے، انہوں نے بونیر کے علاقے سالارزئی ویلج کونسل جوڑ1اور جوڑ 2میں اتحادوں کے باوجود پارٹی کی بہترین کارکردگی پر کارکنوں اور منتخب کونسلروں کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جے یو آئی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے اتحاد کے باوجود اے این پی نے کامیابی حاصل کر کے ثابت کر دیا کہ عوام اب اے این پی کو اپنے لئے نجات دہندہ تصور کرتے ہیں اور وہ یہ جان گئے ہیں کہ ان کے حقوق کا تحفظ اے این پی کے علاوہ کوئی دوسری جماعت نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام تبدیلی اور کرپشن خاتمے کے نام پر ورغلانے والوں کی حقیقت جان چکے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب اے این پی 2018کے الیکشن میں کلین سویپ کر کے عوامی خدمت کا سلسلہ پھر سے شروع کرے گی۔