پولیس کی لیاری میں کارروائیاں ،گینگ وار کے تین اہم کمانڈروں سمیت 5خطرناک ملزمان کو گرفتار

ملزمان قتل ،اقدام قتل ،اغوا برائے تاوان ،بھتہ خوری اور دہشت گردی کی دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے،ایس ایس پی فیض اﷲ کوریجو

بدھ 21 ستمبر 2016 19:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) پولیس نے لیاری کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے تین اہم کمانڈروں سمیت 5خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ملزمان قتل ،اقدام قتل ،اغوا برائے تاوان ،بھتہ خوری اور دہشت گردی کی دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے ۔یہ بات ایس ایس پی سٹی فیض اﷲ کوریجو نے بدھ کو بغدادی کمپلیکس میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔

انہوں نے کہا کہ لیاری پولیس کی مختلف ٹیموں نے کریک ڈاؤن کے دوران لیاری گینگ وار کے کارندوں محمد حسین ولد انور بٹ ،سید افضل شاہ ولد غلام مصطفی ،اویس عرف ملا ولد محمد اسماعیل ،وسیم اختر ولد محمد حسین اور حفیظ عرف احمد فراز ولد خیر محمد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ملزمان دو درجن سے زائد سنگین وارداتوں میں اشتہاری تھے ۔

(جاری ہے)

ملزم محمد حسین کو نپیئر تھانے کی حدود صدیق وہاب روڈ جناح آباد سے گرفتار کیا گیا۔

ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ 7ستمبر 2016کو9سالہ طفیل حنیف ولد محمد طاہر کو بھلا پھسلا کر سربازی بلڈنگ لے گیا اور بدفعلی کرکے اس کو بلڈنگ سے نیچے پھینک دیا جس کی لاش دس بعد تعفن پھیلنے کے بعد برآمد ہوئی ۔کلاکوٹ تھانے کی حدود سے ملزم سید افضل شاہ کو گرفتار کیا گیا ۔ملزم لیاری گینگ وار عزیربلوچ گروپ کا اہم کمانڈر ہے ۔ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں امبا ،رانا ،مظہر چھوٹو ،شیریں پٹھان ،احمد عرف حاجی ترک ،توصیف عرف خادم بکری کے ساتھ مل کر موسیٰ لین مددگار 15چوکی پر حملہ کیا اور فائرنگ کرکے کانسٹیبل محمد سعید اور نیاز کو قتل کیا تھا جبکہ بغدادی تھانے کی حدود میں 26فروری 2015کو اپنے ساتھی بلال عرف بلا ،سانگھڑ ،نوید ولد حاجی اسماعیل کے ساتھ مل کر پولیس مقابلہ بھی کیا جس میں ملزم نوید ولد اسماعیل ہلاک ہوگیا تھا ۔

ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ اس نے ماڑی پور ،بغدادی ،کلری ،کلفٹن اور سی آئی ڈی سول لائن کے علاقوں میں متعدد وارداتیں کی ہیں جن میں وہ مفرور اور اشتہاری بھی ہے ۔ایس ایس پی فیض اﷲ کوریجو نے بتایا کہ کلاکوٹ تھانے کی حدودلیاری بلوچ ہال عیدگاہ لین میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار بابالاڈلا گروپ کے اہم کمانڈر اویس عرف ملا کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

ملزم نے دوران تفتیش پولیس مقابلوں سمیت متعدد افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے ۔ملزم کلا کوٹ تھانے کی حدود میں 5سنگین مقدمات میں مفرور اور اشتہاری تھا ۔جبکہ کلاکوٹ تھانے کی حدود سے عزیر بلوچ گروپ کے ایک اور اہم کمانڈر حفیظ عرف احمد فراز کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے 2014میں اپنے ساتھی عبدالرشید عرف چیف اور جبار کے ساتھ مل کر شاہد ولد امین کو قتل کیا تھا ۔

ملزم ماڑی پور تھانے میں 4مقدمات میں اشتہاری قرار دیا گیا ہے ۔ماڑی پور تھانے کی حدود نیو ٹرک اڈے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم وسیم اختر کو گرفتار کیا گیا ۔ملزم نے بھی دوران تفتیش اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ماڑی پور ٹرک اڈے پر محمد فیصل کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔ملزم ماڑی پور تھانے کو 2مقدمات میں مطلوب تھا ۔

متعلقہ عنوان :