بھارتی دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے اے پی سی اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے‘ صاحبزادہ حامد رضا

بھارت اور اس کے پالتودہشتگردوں کے پاکستان مخالف بارودی نظریے کو ختم کرنے کیلئے پور ی قوم متحد ہے‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل

بدھ 21 ستمبر 2016 19:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارتی دھمکیوں کا جواب دینے کیلئے اے پی سی اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے،بھارت اور اس کے پالتودہشتگردوں کے پاکستان مخالف بارودی نظریے کو ختم کرنے کیلئے پور ی قوم متحد ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہبھارت نے کشمیر میں ظلم کی ہر حد عبور کر لی ہے، مظلو م کشمیری کرفیو کے سایہ میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ن لیگ سیاسی کشیدگی کو ہوا دیکر حالات خراب کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ کا واحد مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔

آج پاکستان بچانے کیلئے پاکستان بنانے والے جذبے کی ضرورت ہے۔ کرپٹ حکمران وطن عزیز کی جڑوں کو کھوکھلا کررہے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون انصاف مانگ رہا ہے۔ دہشتگردوں اور غداروں کو قو می یکجہتی کے ذریعے شکست دینا ہو گی۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام عدل و انصاف ، صحت اور تعلیم کی سہولتوں سے محروم ہے۔

آٹھ کروڑ سے زائد مظلوم غریب عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ محبت پاکستان کے جذبے کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ صوفیاء کے ماننے والے نظریہ پاکستان کے محافظ بن کر قومی اتحاد ویکجہتی کو فروغ دیں۔ پاکستان کی بقاء و سلامتی نظریہ پاکستان سے وابستہ ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا ہے اور اسلام کے نفاذ سے ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔