پاکستانی قوم کے جذبے کو دھمکیوں اور خطرات سے کم نہیں کیا جا سکتا ، نوازشریف اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لڑنے گئے ‘ گورنر پنجاب

اگر دنیا کے ممالک اپنے بچوں اور ماؤں کی زندگیوں کو بچا سکتے ہیں تو پاکستان میں بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں ٗخواجہ سلمان رفیق

بدھ 21 ستمبر 2016 19:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کے جذبے کو دھمکیوں اور خطرات سے کم نہیں کیا جا سکتا ، وزیراعظم محمد نوازشریف اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ بھر پور انداز میں لڑنے گئے ہیں ،ٗ بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں چاہئے کہ اندرونی طور پر امن قائم رکھیں ،پیٹ کی بیماریوں کی بڑی وجہ صاف پانی کی عدم فراہمی ہے ، اگر ہمیں صاف پانی مہیا ہو گا تو اس سے کئی بیماریاں ختم ہونگی اور معاشرہ صحت مند ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل لاہورمیں یونیسیف و حکومت پنجاب کے اشتراک سے ’’بچوں کو نمونیا‘ دست ٗ اسہال جیسی خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے پراجیکٹ کے اجراء کی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ٗ پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر ٗ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ علی جان خان ٗ چیف ہیلتھ یونیسیف ڈاکٹر کینیڈی،ڈی جی صحت پنجاب ڈاکٹر مختارحسین اور پروونشل پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا مشتاق بھی موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے بھارت کی طرف سے دھمکیوں اور جارحیت کے حوالے سے کہا کہ پاکستانی قوم جذبے والی قوم ہے جس کا جذبہ دھمکیوں اور خطرات سے کم نہیں ہو سکتا تاہم بیرونی خطرات کے پیش نظر ہمیں چاہئے کہ اندرونی طور پر امن قائم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف مسلم لیگ (ن) کے ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں جو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کا مقدمہ لڑنے کیلئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ایسے موقع پر ایسا کردار ادا نہ کریں جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ آئین میں ہر بڑے عہدے کیلئے حلف ہے اگر ہم اس حلف کی من و عن پاسداری کریں تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو مسیحا کہا جاتا ہے اگر وہ بھی مسیحا کا کردار ادا کریں تو موذی بیماریوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے ملک بھر میں 40 ہسپتالوں کے قیام کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف بھی دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبہ کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹ کی بیماریوں کی بڑی وجہ صاف پانی کی عدم فراہمی ہے جو کہ ایک بنیادی ضرورت ہے اگر ہمیں صاف پانی مہیا ہو گا تو اس سے کئی بیماریاں ختم ہونگی اور معاشرہ صحت مند ہو گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ حکومت کے ساتھ ساتھ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ نمونیا ٗ دست ٗ اسہال جیسی موذی بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ گورنر نے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ بھی اس سلسلہ میں شعور آگہی کیلئے بنیادی کردار ادا کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طر ح پنجاب حکومت کی طرف سے پولیو ٗ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے ان امراض کا خاتمہ ہو چکا ہے اسی طرح نمونیا ٗ اسہال جیسی بیماریوں کا بھی خاتمہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات تشویشناک ہے کہ نمونیا ٗ اسہال کی بیماریوں کی وجہ سے بچوں میں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے پاکستان میں صحت کے شعبہ میں تعاون پر یونیسیف کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اگر دنیا کے ممالک اپنے بچوں اور ماؤں کی زندگیوں کو بچا سکتے ہیں تو پاکستان میں بھی ٹیلنٹ کی کمی نہیں ٗ ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ یہ پیغام گلی ٗ محلے تک پہنچائیں کہ ہم نے اپنے بچوں اور ماؤں کی زندگیوں کو بچانا ہے،انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں پولیو زیرو ہے، ڈینگی کے مرض پر قابو پایا جا چکا ہے، اسی طرح ہم نمونیا ٗ دست ٗ اسہال جیسی بیماریوں پر بھی قابو پائیں گے۔

پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پاکستانی وہ قوم ہے جو جاگتی ہے تو بڑے سے بڑے چیلنج سے نمٹ سکتی ہے۔چیف ہیلتھ یونیسیف ڈاکٹر کینیڈی نے پنجاب حکومت کے صحت کے شعبے میں اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں جن کی صحت کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ دیگر شعبوں کی طرح صحت کے شعبہ میں بھی بے مثال اقدامات کر رہے ہیں۔