کرپشن اور پاکستان کی سلامتی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں،زبیر فارو ق خان

کرپشن کا نظام غربت ، ظلم ، ناانصافی و تاریکیوں کے خاتمے میں رکاوٹ ہے ،وزیر اعظم کی احتساب سے مسلسل پہلو تہی سے عوام کے اندر ایک اضطراب پایا جاتا ہے،مختلف وفود سے گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 19:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر زبیر فارو ق خان نے کہاکہ کرپشن اور پاکستان کی سلامتی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں قوم کو جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر کرپشن اور ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا ، کرپشن کا نظام غربت ، ظلم ، ناانصافی و تاریکیوں کے خاتمے میں رکاوٹ ہے ،ہم پاکستان کو مدینہ کی اسلامی فلاحی ریاست کا نمونہ بنائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان کروڑوں انسانوں تک گھر گھر جا کر اسلامی انقلابی دعوت پہنچانے کا عزم کریں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جی سکس کے دورے کے موقع پر مختلف وفود سے ملاقات کر تے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی یو تھ ونگ اسلام آباد کے نائب صدر و جنرل کو نسلر چو ہدری طارق گجر بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

زبیر فارو ق خان نے کہا وزیر اعظم کی احتساب سے مسلسل پہلو تہی سے عوام کے اندر ایک اضطراب پایا جاتا ہے اور لوگ بجا طور پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہیں ۔

وزیر اعظم کی ذمہ داری تھی کہ پانامہ لیکس کے الزامات کی شفاف تحقیقات کروانے کیلئے سب سے پہلے خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے تاکہ کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہ ملتا مگر تین بار قوم اور پارلیمنٹ سے خطاب میں وزیر اعظم قوم کو اعتماد میں نہیں لے سکے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن حکمران ٹولے کی نس نس میں رچ بس گئی ہے ،یہ ٹولہ اربوں روپے خرچ کرکے الیکشن لڑتا ہے اور پھر کھربوں روپے لوٹ کر بیرونی بنکوں میں جمع کروا دیتا ہے جس سے ملک میں غربت اور افلاس بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :