جنگی مشقوں کے لیے بند کی گئی شمالی علاقات جات کی فضائی حدود کو تاحال دوبارہ کھولنے کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا- موٹر ویز کو بھی ان مشقوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔شمالی علاقے کی فضائی حدود کھولنے کے بارے میں کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔سول ایوی ایشن حکام‘جمعرات کو صبح پانچ بجے سے شام پانچ بجے شیخوپورہ سے کالا شاہ کاکو تک موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔موٹروے حکام کا اعلامیہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 ستمبر 2016 19:02

جنگی مشقوں کے لیے بند کی گئی شمالی علاقات جات کی فضائی حدود کو تاحال ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 ستمبر۔2016ء) پاکستان نے کہا ہے کہ جنگی مشقوں کے لیے بند کی گئی شمالی علاقات جات کی فضائی حدود کو تاحال دوبارہ کھولنے کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا جبکہ ملک کی موٹر ویز کو بھی ان مشقوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق شمالی علاقے کی فضائی حدود کھولنے کے بارے میں کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شمالی علاقات جات کی فضائی حدود 21 ستمبر کے لیے بند رکھنے کی ہدایت دی تھی۔ جس کے بعد قومی فضائی ایئر لائن پی آئی اے نے بدھ کو گلگت، سکردو اور چترال کے لیے پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔گو کہ حکام نے سرکاری طور پر فضائی حدود بند کرنے کی وجوہات بیان نہیں کی ہیں لیکن عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی علاقوں کے فضائی اڈوں پر فوج کے جنگی طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی مشقوں کی وجہ سے فضائی حدود کو بند کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسلام سے پشاور جانے والی موٹروے بھی منگل رات دو بجے سے بدھ دو بجے دن تک بند رہنے کے بعد دوبارہ کھول دی گئی ہے جبکہ اسلام آباد لاہور موٹر وے کا ایک حصہ جمعرات کو ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔موٹر وے پولیس کے اعلامیے کے مطابق جمعرات کو صبح پانچ بجے سے شام پانچ بجے شیخوپورہ سے کالا شاہ کاکو تک موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تکنکی و تعمیراتی وجوہات کی بنا پر موٹروے کو بند کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق کسی بھی طرح کے نامناسب حالات میں جنگی طیاروں کی موٹروے پر لینڈنگ کی مشقوں کی وجہ سے موٹر وے کو بند کیا گیا۔انھوں نے بتایا کہ یہ مشقیں پہلے سے طے شدہ تھیں اور یہ معمول کی جنگی مشقوں کا حصہ ہیں۔ماضی میں بھی موٹر ویز کو جنگی مشقوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے علاقے اوڑی میں فوج پر ہونے والے حملے کے بعد بھارتی حکومت کے سخت بیانات اور پاکستانی فوج کے کسی بھی صورتحال کا بھرپور جواب دینے کے تناظر میں حالیہ جنگی مشقوں کو مقامی ذرائع ابلاغ میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :