وزیر تجارت سے جمہوریہ کوریا کے سفیر کی ملاقات ٗ دو طرفہ دلچسپی کے امور سمیت باہمی تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

خرم دستگیر نے کوریا کے سفیر کو دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا ایف ٹی اے سے متعلق دونوں ممالک نے جائزہ رپورٹ اور تجاویز مکمل کر کے اپنی اپنی حکومت کو بھیج دی ہے ٗملاقات میں گفتگو

بدھ 21 ستمبر 2016 18:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان سے جمہوریہ کوریا کے پاکستان میں سفیر ایچ ای ڈاکٹر ڈونگ گوسو نے ملاقات کی۔ بدھ کوہونے والی ملاقات کے دوران دو طرفہ دلچسپی کے امور سمیت باہمی تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کوریا کے سفیر کو دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے (ایف ٹی اے) سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں اس سلسلے میں ریسرچ سروے سمیت فزیبلٹی کی تیاری پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

ایف ٹی اے سے متعلق دونوں ممالک نے جائزہ رپورٹ اور تجاویز مکمل کر کے اپنی اپنی حکومت کو بھیج دی ہے۔ ایف ٹی اے کے بارے میں مزید مذاکرات آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ہوں گے۔ دونوں ممالک کے مابین موجودہ تجارتی حجم 1.1 ارب ڈالر ہے۔ دونوں اطراف سے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کے وژن کے تحت دیگر ممالک کے ساتھ بھی آزادانہ تجارت کے معاہدے کئے جائیں گے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ کوریا کے سفیر نے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے وفاقی وزیر تجارت کی کاوشوں کو سراہا۔