ہائیکورٹ نے خواتین ڈاکٹر ز کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی

عدالت نے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں مقدمے کاٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی

بدھ 21 ستمبر 2016 18:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21ستمبر ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم عبد الوہاب علوی کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں مقدمے کاٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم عبدالوہاب علوی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔

ملزم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ پولیس نے میڈیا کے دباؤ پر اسکے موکل کے خلاف خواتین ڈاکٹروں کو ہراساں کرنے کے بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔ پولیس نے بے بنیاد مقدمہ میں دہشت گردی کی دفعات بھی عائد کر رکھی ہیں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عبدالوہاب علوی نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹروں کو ہراساں کیا جس کے باعث درجنوں خواتین ڈاکٹرز پیشہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں جبکہ ملزم کی نازیبا حرکات کی بناء پر کئی خواتین ڈاکٹرز کے رشتے ٹوٹ گئے ۔

ملزم ڈاکٹر ز کو بلیک میل کر کے بھتہ بھی وصول کرتا رہا۔ ملزم نے خواتین ڈاکٹرز کی جعلی ویڈیو ز بنائی اور انہیں بلیک میل کیا،ملزم کا موبائل ڈیٹا ریکارڈ کا حصہ ہے جبکہ ملزم سے میموری کارڈز بھی برآمد کئے جا چکے ہیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو تین ماہ میں مقدمے کاٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

متعلقہ عنوان :