سینیٹر محمد طلحہ محمودکی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کااجلاس

بدھ 21 ستمبر 2016 16:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء ) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں سیکرٹری کیڈ ،چیئرمین سی ڈی اے ،ایڈیشنل سیکرٹری کیڈ و دیگر متعلقہ اعلی حکام کی عدم شرکت پر قائمہ کمیٹی نے اظہار ناراضگی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے احتجاجا قائمہ کمیٹی کا اجلاس نہ صرف ملتوی کر دیا بلکہ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ،قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق ،قائد حزب اختلاف سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن کو معاملے کے حوالے سے خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد طلحہ محمود کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ سینیٹر محمد طلحہ محمودنے کہا کہ میری چیئرمین شپ کی گیارہ سالہ تاریخ میں ایک ایسا سیاسی چیئرمین سی ڈی اے بنا ہے جس نے قائمہ کمیٹی کے پہلے ہی اجلا س میں یہ تاثر دیاہے کہ اس کو جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ اس کو با احسن طریقے سے سر انجام نہیں دے سکتا۔

(جاری ہے)

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ موجودہ حکومت کا یہ بڑا مسئلہ ہے کہ وہ حکومت میں ہوتے ہوئے پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتی ۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا ادارہ ہائی جیک ہو چکا ہے ۔چیئرمین سی ڈی اے کو کئی روز پہلے قائمہ کمیٹی کے اجلاس کا نوٹس جاری ہو چکا ہے نہ خود شریک ہوئے اور نہ ہی متعلقہ ٹیم کو قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بھیجا۔یہی وجہ ہے کہ پھر حکومت کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا آئندہ اجلاس میں اس بات کا تفصیل سے جائزہ لیا جائیگا کہ ایک سیاسی رہنما کس طرح حکومت کا کوئی عہدہ رکھ سکتا ہے اس بات کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن وزارت قانون اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن و دیگر متعلقہ اداروں کے حکام کو بلا کر معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا جائیگا۔سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ اسلام آباد کا میئر ایک سیاسی شخصیت ہے اور چیئرمین سی ڈی اے کا عہدہ کس طرح سنبھال سکتا ہے۔

جبکہ قانون کے مطابق حکومت کا ملازم دو سال تک الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا اور سپریم کورٹ کے بھی اس بارے واضح احکامات ہیں۔ رکن کمیٹی سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ سی ڈی اے بہت بڑا ادارہ ہے۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کا ایجنڈا بہت اہم تھا مگر کوئی بھی متعلقہ ذمہ دار افسر قائمہ کمیٹی کے اجلا س میں شریک نہیں ہوا۔یہ قائمہ کمیٹی کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کیلئے کوئٹہ سے ساڑھے تین بجے صبح یہاں پہنچی ہیں اور دیگر اراکین کمیٹی بھی کئی گھنٹوں کا سفر کر کے قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے ہیں ۔سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ سیکرٹری کیڈ نے نیا چارج سنبھالا ہے اور ایڈیشنل سیکرٹری کیڈ قائمہ کمیٹی کے اجلا س میں شریک ہو سکتے تھے ان کے خلاف معاملہ تحریک استحقا ق میں لایا جائے۔

ممبر سی ڈی اے نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ چیئرمین سی ڈی اے و میئر ،سول ایوی ایشن کے حکام کے ہمراہ نیو ایئر پورٹ اسلام آباد کے دورے پر ہیں جسکی وجہ سے وہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔سینیٹر عثمان سیف اللہ خان نے کہا کہ معاملہ بارے قائد ایوان سینیٹ و قائد حزب اختلاف کو آگاہ کیا جائے۔جس کی تائید سینیٹر نوابزادہ سیف اللہ مگسی اور راحیلہ مگسی نے بھی کی۔

سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کے حوالے سے آگاہ کیا جائے مگر ایڈیشنل سیکرٹری کیڈ کے خلاف تحریک استحقاق پیش کی جائے۔جس کی تائید سینیٹر ہدایت اللہ نے بھی کی۔سینیٹر حاجی سیف اللہ خان بنگش نے کہا کہ ممبر سی ڈی اے سے بریفنگ حاصل کی جا سکتی ہے وہ معاملات کا بخوبی علم رکھتے ہیں۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود نے اراکین کی رائے کے مطابق قائمہ کمیٹی کا اجلاس احتجاجا ملتوی کر دیا ۔قائمہ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز شاہی سید،ہدایت اللہ،کامل علی آغا،کلثوم پروین،راحیلہ مگسی ،حاجی سیف اللہ خان بنگش،عثمان سیف اللہ خان ،نوابزادہ سیف اللہ مگسی کے علاوہ ممبر سی ڈی اے ،ڈی جی خارجہ امور کے علاوہ دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :