لالک جان سٹیڈیم میں سٹیٹ آف دی آرٹ پارک کی کاغذی کارروائی کو جلد حتمی شکل دی جائے،وزیراعلیٰ حفیظ الرحمٰن

بدھ 21 ستمبر 2016 16:09

گلگت ۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 ستمبر۔2016ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے صوبائی سیکرٹر ی لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ لالک جان سٹیڈیم میں سٹیٹ آف دی آرٹ پارک اور امپھری میں پارک کی تعمیر کے لیے کاغذی کارروائی کو جلد حتمی شکل دی جائے ۔ حکومت متعلقہ محکمہ کو مالی وسائل فراہم کریگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سکردو،چلاس اور ہنزہ میں بھی گلگت کے طرز پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشہ ڈیم کے متاثرین کی بحالی کے لیے دیامیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائیگا تا کہ متاثرین ڈیم کی بحالی کو یقینی بنایا جاسکے متاثرین کی بحالی کے کاموں میں این ایل سی کی معاونت بھی حاصل کی جائیگی۔

(جاری ہے)

دیامر کے عوام نے ڈیم کی تعمیر کے لیے قربانی دی ہے دیامر میں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے عوام کی زندگیوں میں بہتری لائی جائیگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر میں مال مویشی چھوڑنے پر سختی سے پابندی عائد کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے کیے جائیں ۔ سرکاری مقامات پر مال مویشی باندھنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر گلگت اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ زمینوں کی الاٹ منٹ اور رجسٹری کی مد میں لی جانے والی فیس کے استعمال اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سفارشات مرتب کیے جائیں جس سے زمینوں کی ڈاکومنٹیشن کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزریراعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ گلگت بس سٹینڈ میں مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حا فظ حفیظ الرحمٰن نے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے نصب فلٹر یشن پلانٹس کو فعال کیا گیا ہے ان کی مرمت کے حوالے کیے جانے والے اقدامات اور کام کا جائزہ لینے کے لیے بہت جلد ان فلٹریشن پلانٹس کا دورہ کرونگا۔

وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ نئے تجارتی مراکز کی تعمیر میں پارکنگ ایریاز کو یقینی بنایا جائے اور ایسے تجارتی مراکز جن میں پارکنگ ایریا مختص کیے بغیر تعمیر کیے جا رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے تعمیر ات میں بلڈنگ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔