حکومت نے صحت کے شعبے کے بجٹ میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ کیا ہے، وزیراعلیٰ

بدھ 21 ستمبر 2016 15:25

گلگت۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 ستمبر۔2016ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت نے صحت کے شعبے میں 100 فیصد سے زیادہ بجٹ میں اضافہ کیا ہے ۔ صوبائی حکومت کی جانب سے ہیلتھ انشورنس پالیسی متعارف کرائی گئی ہے ۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ہیلتھ انشورنس سکیم اور صوبائی ہیلتھ انشورنس سکیم سے صوبے کی آبادی 60 فیصد مستفید ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں بجٹ میں اضافے کے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پرچی فیس کے لیے جدید مشینیں نصب نہ کرنے پر عدم اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں میں پرچی فیس کے لیے جدید مشینیں فوری نصب کی جائیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کو آٹومیشن کی طرف لے جایا جائیگا۔ جس کے لیے سپارکو سے مدد لی جائیگی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ صحت کے ملازمین کا ڈیٹا بیس ایک ماہ میں مکمل کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے محکمہ صحت کے حوالے سے کیے جانے والے اصلاحات پر عمل درآمد اور ہسپتالوں کی بہتری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ عارضی ملازمین جو ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہیں انہیں فارغ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :