علاقائی تعاون میں اضافے کے لیے پاکستان پر عزم ہے،سپیکر قومی اسمبلی

بدھ 21 ستمبر 2016 15:05

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 ستمبر۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا اور اس سے باہر علاقائی تعاون اور رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاک۔ چین مثالی دوستی کا مظہراور تر قی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسیع کرنے کے لیے ہمارے عزم کا اظہار ہے ۔

وہ ارمچی میں منعقد ہونے والی پانچویں چین ایشیا اوریورپ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔سر دار ایاز صادق نے کہا کہ اقوام کے مابین مضبوط معاشی ومالیاتی تعاون علاقائی وعالمی اقتصادی استحکام کے لیے ناگزیر ہے ۔انہوں نے پاک چین پارلیمانی اور اسٹر ٹیجک تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کو سر حدوں کی دونوں جانب منفرد سیاسی وعوامی حمایت اور مقبولیت حاصل ہے اور دنیامیں دونوں ممالک کے مابین دوستی دنیا کے لیے ایک مثال ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک۔ چین اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے میں تر قی وخوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان خطے کی نجی اور سر کاری کمپنیوں کی طر ف سے پاکستان میں سر مایہ کاری کا خیر مقدم کرتا ہے ۔انہوں نے یورپ اور ایشیاء میں تجارتی ،سر مایہ کاری اور صنعتی شعبوں میں تعاون میں اضافے کے لیے تجارتی سہولتوں کو فروغ ، مصنوعات کی مارکیٹ تک آسان رسائی دینے اور آزاد تجارتی اور سر مایہ کار دوست پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سر مایہ کاری کے لیے ماحول انتہائی ساز گار ہے اور موجودہ حکومت آزاد تجارت ، ڈی۔ریگولزیشن اور نجکاری پر یقین رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی طر ف سے پاکستان کو GSP Plusکاسٹیٹس حاصل ہونا بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کے اعلیٰ معیار پر اعتماد کامظہر ہے ۔سر دار ایاز صادق نے ایکسپوکے شر کاء پر زوردیاکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی متعلقہ حکومتوں کوعالمی امن و ہم آہنگی کے فروغ اور ترقی کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ سر مایہ کاری کرنے پر آمادہ کریں۔

متعلقہ عنوان :