ایان علی کیس ‘سندھ ہائی کورٹ درخواست پر 3 اکتوبر کو حتمی فیصلہ دے ‘ سپریم کورٹ

بدھ 21 ستمبر 2016 14:53

ایان علی کیس ‘سندھ ہائی کورٹ درخواست پر 3 اکتوبر کو حتمی فیصلہ دے ‘ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء) سپریم کورٹ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق تمام درخواستیں نمٹا تے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کو ماڈل گرل کی درخواست پر سماعت کر کے تین اکتوبر کو حتمی فیصلہ دینے کا حکم دیا ہے ۔ بدھ کو یہاں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ایان علی ای سی ایل کیس کی سماعت کی ۔

ماڈل گرل کے وکیل لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکال کر پھر ڈال دیا جاتا ہے ، کیا اس ملک میں کوئی نظام عدل ہے؟ ایان علی کا بیرون ملک نہ جانے کی وجہ سے بہت نقصان ہو رہا ہے ‘سپریم کورٹ نے عدالت عالیہ کو ایان علی کی درخواست پر 15 روزہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا ‘ گزشتہ روز کیس لگا، بحث مکمل نہیں ہو سکی اور سماعت تین اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ کسی وجہ سے بحث مکمل نہیں ہو سکی تو وفاق کو مورد الزام نہ ٹھہرائیں ‘ سپریم کورٹ نے کہہ دیا تھا تو ہائیکورٹ کو 15 روز میں فیصلہ کرنا چاہیے تھا ‘امید ہے 3 اکتوبر کو سماعت ہو گی تو سندھ ہائیکورٹ درخواست پر دلائل سن کر حتمی فیصلہ دیگی ‘ سپریم کورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق تمام درخواستیں نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ سندھ ہائیکورٹ کو ماڈل گرل کی درخواست کو تین اکتوبر کو سن کر حتمی فیصلہ دے ۔

متعلقہ عنوان :