نوجوان ملک کا مستقبل ،اپنی قابلیت ،ذہانت و علم سے ملک کی تعمیر وترقی اور امن واستحکام کے قیام کے لئے کام کرنا ہے‘ ملک اقبال چنٹر

بدھ 21 ستمبر 2016 13:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 ستمبر۔2016ء) صوبائی وزیر کو آپریٹو وچیئرمین چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں انہوں نے اپنی قابلیت ،ذہانت و علم سے ملک کی تعمیر وترقی اور امن واستحکام کے قیام کے لئے کام کرنا ہے ،مقبول ٹی وی ڈرامہ ” عینک والا جن“ کے کرداروں نے نہایت خوبصورت اور دلکش انداز میں ملک میں امن کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے حکومت اور پاک فوج کے کردار کو پیش کیا ہے۔

وہ رشیدیہ آڈیٹوریم میں بہاولپور آرٹ کونسل اور الصادق ڈیزرٹ ویلفیئر آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے پیش کئے گئے” عینک والا جن“ سٹیج ڈرامہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر ریذنڈنٹ ڈائریکٹر آرٹ کونسل و ڈائریکٹر تعلقات عامہ رانا اعجاز محمود ، صدر الصادق ڈیزرٹ ویلفیئر آرگنائزیشن ریاض احمد بلوچ،ملک اعجاز آرائیں چیئرمین سول سوسائٹی فورم،رانا عامر شہزاد،پروین عطا ملک ایڈووکیٹ،عبدالغفار خان بلوچ ،ڈاکٹر اسلم انصاری، صادق بپلک سکول کے طلباء ،اساتذہ اور سول سوسائٹی کے ممبران موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے ملک کا نوجوان بہادر اور محب وطن ہے وہ ملک کی حفاظت اور دہشت گردوں کے خاتمہ کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ ہمارے نوجوان مستقبل میں ڈاکٹر،انجینئر،ہنرمند،اساتذہ،سیاستدان بن کر ملک کی شاندار انداز میں خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چولستان کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

چولستان میں قبضہ لینڈ مافیا کے خاتمہ کیلئے موثر انداز میں کام کیا جارہا ہے ۔جبکہ چولستان میں سڑکوں کی تعمیر ،پانی کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عینک والا جن کے معروف کردار حامون جادوگر ،ذگوٹا جن،نستورجن،چارلی ماموں اور دیگر اداکاروں نے خوبصورت انداز میں نہ صرف بچوں کو تفریح فراہم کی ہے بلکہ محنت میں عظمت حق و سچائی کی بالادستی اور ملک میں دہشت گردوں کے خاتمہ کے لئے حکومت و پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اصلاحی سٹیج ڈرامے آج بھی مقبول ہیں جوبچوں کو سچ بات کہنے کا درس دیتے ہیں جس میں پر کشش اور آسان انداز میں جھوٹ کی شکست اور سچ و حق کی فتح کی عکاسی کی جاتی ہے۔ نے کہا ہے کہ ہم نصابی سرگرمیاں آرٹ اور کلچر کا فروغ نئی نسل میں اعتماد اور براداشت کا جذبہ پروان چڑھانے میں ممدومعاون ہے۔ اصلاحی وتفریحی پروگراموں کا انعقاد معاشرے میں صلح جوئی اور رواداری پیدا کرتا ہے ۔

عینک والا جن کی ٹیم نے تفریحی ڈرامہ کے ذریعے بچوں کو اخلاقی تربیت بھی فراہم کی ہے اور 2دہائیوں کے بعد بھی بچوں میں اس ڈرامہ کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے ادب میں نئے لکھنے والوں کی ضرورت ہے تا کہ ہم نئی نسل کو تفریح کے ساتھ ساتھ اپنی روایات، مذہب اور اخلاقیات سے بہتر انداز میں روشناس کرا سکیں۔ عینک والا جن ،سٹیج ڈرامہ کو دیکھنے کیلئے مختلف سکولوں کے بچے اور انکی اساتذہ آرٹ کونسل بہاولپور میں شریک ہوئے۔ انہوں نے خوبصورت اورتعمیر ی سٹیج ڈرامہ” عینک والا جن کے کرداروں اور بہاولپور آرٹس کونسل کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔