بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی، مسعود خان

بدھ 21 ستمبر 2016 11:40

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 ستمبر۔2016ء ) صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہاکہ بھارت کا وطیرہ رہا ہے کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ ہمیشہ ہی بھارت کے تمام حربے ناکام رہے ہیں،آج بھی کشمیر میں آزادی کا نعرہ لگ رہاہے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط قوم اور نیوکلیئر ریاست ہے ، بھارت کسی قسم کی مہم جوئی کا سوچے گا تو اسے ناکامی ہوگی۔

پاکستان کے عوام اور افواج مکمل طور پر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جنگ سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا لہذا سیاسی اور سفارتی طریقے سے اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے تاہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی برادری کی کوششیں کمزور ہیں۔ مسعود خان نے کہا کہ عالمی برادری کے ارکان کو زیادہ فعال ہونا چاہیے۔ کشمیریوں پر ایک قیامت ٹوٹی ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی بے حسی نظر آرہی ہے۔اس مسئلہ پر عالمی اداروں کو جگانے آئے ہیں۔ انھوں نے اس بات کو کھل کر کہا کہ مسئلہ کشمیر صرف پاکستان اور بھارت کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس میں پاکستان ، بھارت اور کشمیری تین فریق شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :