پاکستان اور ترکی کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے دوطرفہ تجارت میں دوگنا اضافہ کیا جاسکتا ہے، مورات موستو

بدھ 21 ستمبر 2016 11:29

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 ستمبر۔2016ء) پاکستان اور ترکی کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے دوطرفہ تجارت میں دوگنا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ترکی کے کمرشل قونصلر مورات موستو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ سال 2015ء کے دوران پاک ترکی دوطرفہ تجارت 599.7 ملین ڈالر رہی ہے جس میں پاکستان کی برآمدات 310.5 ملین ڈالر جبکہ درآمدات 289 ملین ڈالر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ترک دو طرفہ تجارت کا موجودہ حجم استعداد سے کہیں کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں دوگنا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بنیادی ڈھانچہ کی ترقی ‘ تعمیرات ‘ توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترکی کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

کمرشل قونصلر نے کہا کہ اس وقت پاکستان سے درآمد کی جانے والی ٹیکسٹائلز مصنوعات پر ترکی میں کئی ٹیکسز نافذ ہیں تاہم آزادانہ تجارت کے معاہدہ سے ٹیکسز کی شرح میں کمی سے پاکستان کی ٹیکسٹائلز برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے باہمی تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے پاک ترک جوائنٹ بزنس کونسل اہم کردار ادا کررہی ہے اور اس فورم سے دونوں ممالک کے تجارتی وفود اور کاروباری برادری کے باہمی رابطوں میں اضافہ ہوا ہے جو باہمی تجارت کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :