کشمیری ہندوستان کے ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کے سامنے ہمت کیساتھ کھڑے ہیں ،محمد زین الٰہی

کشمیریوں کی قربانی ضرور رنگ لائیگی ،انہیں حق خود ارادیت مل کر رہیگا ،کمزور حکومتی خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان عالمی سطح پر کشمیر کے معاملہ پر تنہائی کا شکار ہے ، رکن قومی اسمبلی

منگل 20 ستمبر 2016 20:20

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20ستمبر ۔2016ء) رکن قومی اسمبلی محمد زین الٰہی نے کہا ہے کہ کشمیری ہندوستان کے ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کے سامنے ہمت کے ساتھ کھڑے ہیں کشمیریوں کی قربانی ضرور رنگ لائے گی اور انہیں حق خود ارادیت مل کر رہے گا مگر اس سلسلے میں حکومت کی کمزور خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان آج عالمی سطح پر کشمیر کے معاملہ پر تنہائی کا شکار ہے جو کہ موجودہ حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے وزیر اعظم کی خارجہ پالیسی میں کشمیر کا ذکر تک نہیں ملتا جبکہ اُن کے بیانات میں مودی سے دوستی اہم مقام رکھتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نما ئندوں سے بات چیت کر تے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی فورم پر اس مسئلہ کو اُٹھانے کے لیے ایک مستقل وزیر خارجہ کی ضرورت ہے وزیر خارجہ نہ ہونے کی وجہ سے بھی خارجہ پالیسی ناکامی کا شکار ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکارہے اس جنگ میں پاکستان سیکیورٹی فورسز اور عوام ہزاروں کی تعداد میں قربانیاں دے چکے ہیں مگر اس کے باوجود دنیا تک اپنا نقطہ ء نظر نہیں پہنچا رہے ہیں چاہیے تو یہ تھا کہ اقوام متحدہ میں اس مسئلہ کو اُٹھایا جاتا اور دیگر ممالک کے ساتھ باہم مل کر اقوام متحدہ کو مجبور کیا جاتا کہ وہ کشمیریوں کو جینے کا حق دیں اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں آئے روز بے گناہ کشمیریوں کی شہادت اور ظلم و ستم کے خلاف قرارداد پاس کرائی جاتی مسلم لیگ (ن) کی حکومت ان اہم ایشو ز پر خاموشی کو بہتر سمجھتی ہے جو کہ موجودہ حکومت کی ناکامی کی سب سے بڑی دلیل ہے انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بر بریت اور انسانی حقوق کی پامالی کے باوجود پاکستان کو نمبر1مسئلہ سمجھتا ہے اور آئے روز پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے بلوچستان میں اُس کی مداخلت کے واضح ثبوت ملے ہیں وہ ہمیں خوشحال اور مستحکم ملک نہیں دیکھنا چاہتا اُس کی پالیسیوں کے سبب بھارت کا کوئی بھی پڑوسی ملک اُس سے محفوظ نہیں ہے آخر میں انہوں نے کہا کہ کشمیری حریت پسندوں کی جدو جہد اور قربانیوں کو پاکستانی قوم سلام پیش کرتی ہے ۔