بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے گلبرگ چورنگی سے سمن آباد تک تجاوزات کا خاتمہ کردیا

منگل 20 ستمبر 2016 20:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20ستمبر ۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے گلبرگ چورنگی سے سمن آباد تک سڑک کے دونوں طرف قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے سڑک اور فٹ پاتھ سے درجنوں کی تعداد میں پتھارے، ٹھیلے، کاؤنٹر، پان کے کیبن، کرسیاں، میزیں اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کردیا جبکہ شرپسند عناصر کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ، اس آپریشن کے دوران اٹھایا گیا تمام سامان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسٹور میں جمع کرا دیا گیا، تجاوزات کے خلاف اس کارروائی کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رفیق شیخ، ڈپٹی ڈائریکٹر مسرور اقبال، محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ اور علاقہ پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد تجاوزات نے گلبرگ چورنگی تا سمن آباد مرکزی روڈ اور فٹ پاتھ پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے لئے منگل کی صبح بھاری مشینری کا استعمال کیا اور سڑک کے دونوں جانب لگائے گئے پتھارے، ٹھیلے، کیبن، کاؤنٹرز اور دیگر اشیاء ضبط کرلیں۔

(جاری ہے)

تجاوزات کے خلاف ایکشن میں مزاحمت کرنے والے پانچ افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا جبکہ پورے علاقے کو تجاوزات سے پاک کردیا گیا جس سے سڑک پر ٹریفک کی روانی بحال ہونے کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کو بھی سہولت حاصل ہوگئی۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے اس عزم پر قائم ہے کہ شہر کو ہر قیمت پر تجاوزات سے پاک کیا جائے گا اور اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی لہٰذا تجاوزات قائم کرنے والوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو گھیرنے اور شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کے دوران انہیں نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

متعلقہ عنوان :