پیپلزپارٹی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری کی مخالفت کرتی ہے سینیٹر سلیم مانڈوی والا

جب تک حکومت اسٹیٹ لائف بل میں اسٹیٹ لائف انشورنس کی نجکاری نہ کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتی بل کی حمایت نہیں کریں گے،رہنما پیپلزپارٹی

منگل 20 ستمبر 2016 19:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20ستمبر ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری کی مخالفت کرتی ہے ، واضح دکھائی دے رہا ہے حکومت اسٹیٹ لائف انشورنس کی نجکاری کرنا چاہتی ہے، جب تک حکومت اسٹیٹ لائف بل میں اسٹیٹ لائف انشورنس کی نجکاری نہ کرنے کی یقین دہانی نہیں کراتی بل کی حمایت نہیں کریں گے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ حکومت نے کابینہ کی منظوری کے بغیر اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری کا بل قومی اسمبلی سے منظور کرایا ے جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

بل کے ذریعے حکومت اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کو اونے پونے داموں فروخت کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

اسٹیٹ لائف انشورنس ایک منافع بخش ادارہ ہے، اس کی نجکاری کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔ حکومت نے اپنے بل میں ملازمین کو کمپنی کے مفاد کی آڑ میں کسی بھی وقت ملازمت سے نکال سکتی ہے۔ اس سے اسٹیٹ لائف انشورنس کے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں حکومت کو اپنی ترامیم پیش کی جائیں گی اگر حکومت نے بل میں ہماری ترامیم کو شامل نہ کیا تو اسٹیٹ لائف کے بل کی حمایت نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :