Live Updates

سندھ اسمبلی :پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف نے متحدہ قائد کیخلاف غداری کا مقدمہ چلانے کیلئے قراردادجمع کرادی

ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے ،قراردادوں میں مطالبہ

منگل 20 ستمبر 2016 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20ستمبر ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی جانب سے ایم کیوایم قائد کے خلاف سندھ اسمبلی میں 2 الگ الگ قراردادیں جمع کرادی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کو سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن سندھ اسمبلی خیرالنسا مغل کی جانب سے ایم کیو ایم قائد کے خلاف قرارداد جمع کرادی گئی۔

قرارداد میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ بانی ایم کیوایم نے 22 اگست کو نا صرف پاکستان کے خلاف نا زیبا الفاظ استعمال کیے تھے بلکہ پاکستان کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

قرارداد میں ایم کیو ایم قائد کے خلاف حکومت سے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ نہ صرف ایم کیوایم قائد بلکہ ان کے حامیوں کے خلاف بھی غداری کا مقدمہ درج کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کی جانب سے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف قراداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔ قراداد میں یہ ہی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم قائد کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔اس کے علاوہ فنکشنل لیگ کی جانب سے نند کمارگوکلانی اورنصرت سحرعباسی بھی ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف قرارداد جمع کرائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات